سنگاپور میں وزیراعظم اور وزرا کی تنخواہوں میں اضافہ، وزیراعظم کی سالانہ آمدن 28 لاکھ ڈالر تک پہنچ جائے گی

سنگاپور: سنگاپور کی حکومت نے وزیراعظم لارنس وونگ سمیت دیگر وزرا اور اعلیٰ حکومتی عہدیداروں کی سالانہ تنخواہوں میں اضافے کا اعلان کردیا۔
حکومت کے مطابق وزیراعظم لارنس وونگ کی سالانہ تنخواہ میں 14 لاکھ سنگاپورین ڈالر کا اضافہ کیا جائے گا، جس کے بعد ان کی سالانہ آمدن 36 لاکھ سنگاپورین ڈالر، یعنی تقریباً 28 لاکھ امریکی ڈالر ہوجائے گی۔
لارنس وونگ نے اعلان کیا ہے کہ وہ آئندہ پانچ سال تک تنخواہ میں ہونے والے اضافے کی رقم فلاحی کاموں کے لیے عطیہ کریں گے۔
سنگاپور کے وزیراعظم کا کہنا ہے کہ باصلاحیت افراد کو سیاست کی جانب راغب کرنے کے لیے وزرا کی تنخواہوں میں اضافہ ضروری ہے۔ حکومت کا مؤقف ہے کہ اعلیٰ سرکاری عہدیداروں کو مناسب معاوضہ دینے سے بدعنوانی کی روک تھام میں بھی مدد ملتی ہے۔
تنخواہ میں اضافے سے قبل بھی لارنس وونگ دنیا کے سب سے زیادہ معاوضہ لینے والے سیاسی رہنما ہیں۔ وہ اس وقت سالانہ 22 لاکھ سنگاپورین ڈالر وصول کرتے ہیں۔
عالمی رہنماؤں کی سالانہ تنخواہوں کا موازنہ کیا جائے تو ہانگ کانگ کے چیف ایگزیکٹو جان لی تقریباً 7 لاکھ 19 ہزار امریکی ڈالر کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں، جبکہ سوئٹزرلینڈ کے صدر گائے پرمیلین تقریباً 6 لاکھ 6 ہزار ڈالر سالانہ وصول کرتے ہیں۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی سالانہ سرکاری تنخواہ 4 لاکھ ڈالر جبکہ برطانوی وزیراعظم اینڈی برنہم کی سالانہ تنخواہ تقریباً 2 لاکھ 30 ہزار ڈالر بتائی گئی ہے۔



