ایجبسٹن ٹیسٹ: پاکستان نے 12 ممکنہ کھلاڑی فائنل کر لیے، 3 کھلاڑیوں کی ڈیبیو پر نظریں

برمنگھم: پاکستان نے انگلینڈ کے خلاف آج سے ایجبسٹن میں شروع ہونے والے سیریز کے آخری ٹیسٹ کے لیے 12 ممکنہ کھلاڑیوں کو فائنل کرلیا ہے، جن میں تین کھلاڑیوں کے ٹیسٹ ڈیبیو کا امکان ہے۔
اطلاعات کے مطابق بابر اعظم کی قیادت میں کھیلنے والی پاکستانی ٹیم میں کراچی سے تعلق رکھنے والے 23 سالہ وکٹ کیپر غازی غوری کی شمولیت یقینی سمجھی جارہی ہے۔
خانیوال سے تعلق رکھنے والے 29 سالہ آل راؤنڈر محمد عمران رندھاوا بھی ٹیسٹ ڈیبیو کے مضبوط امیدوار ہیں۔ انہوں نے 58 فرسٹ کلاس میچز میں 2 سنچریوں کی مدد سے 2 ہزار 255 رنز بنائے ہیں، جبکہ میڈیم فاسٹ بولر کی حیثیت سے 110 وکٹیں بھی حاصل کی ہیں۔
اطلاعات کے مطابق اگر پاکستان چار فاسٹ بولرز کے ساتھ میدان میں اترتا ہے تو مردان سے تعلق رکھنے والے 21 سالہ فاسٹ بولر رضا اللہ کو بھی ٹیسٹ ڈیبیو کا موقع مل سکتا ہے۔ دائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر نے 2025 میں پشاور کی جانب سے فرسٹ کلاس ڈیبیو کیا اور اب تک 8 فرسٹ کلاس میچز میں 30 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں۔
دوسری جانب اگر پاکستان ایک اسپنر کے ساتھ میدان میں اترتا ہے تو ملتان سے تعلق رکھنے والے 21 سالہ بائیں ہاتھ کے اسپنر عرفات منہاس مضبوط امیدوار ہیں۔ عرفات منہاس پاکستان کی جانب سے 3 ون ڈے اور 4 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیل چکے ہیں۔
ایجبسٹن ٹیسٹ کے لیے پاکستان کے 12 ممکنہ کھلاڑیوں میں صائم ایوب، اذان اویس، عبداللہ شفیق، بابر اعظم (کپتان)، شان مسعود، سعود شکیل، غازی غوری (وکٹ کیپر)، محمد عباس، محمد علی، محمد عمران رندھاوا، عرفات منہاس اور رضا اللہ شامل ہیں۔
واضح رہے کہ تین ٹیسٹ میچز کی سیریز میں میزبان انگلینڈ کو پاکستان کے خلاف 2-0 کی فیصلہ کن برتری حاصل ہے، جبکہ ایجبسٹن ٹیسٹ سیریز کا آخری میچ ہے۔



