ایجبسٹن ٹیسٹ میں پاکستان سے مقابلہ آسان نہیں ہوگا: انگلش کپتان جو روٹ

برمنگھم: انگلینڈ ٹیسٹ ٹیم کے کپتان جو روٹ نے کہا ہے کہ ایجبسٹن میں پاکستان کے خلاف تیسرا ٹیسٹ آسان مقابلہ نہیں ہوگا۔
پاکستان کے خلاف تیسرے ٹیسٹ سے ایک روز قبل ایجبسٹن کرکٹ گراؤنڈ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے جو روٹ نے کہا کہ تمام توجہ اگلے پانچ دن پر مرکوز ہوگی اور انگلینڈ بڑی اسکورنگ کے ساتھ اچھی کرکٹ کھیلنے کی کوشش کرے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ ایجبسٹن میں نیا میدان، نئی گیند اور نیا میچ ہوگا، اس لیے ٹیم پوری توجہ کے ساتھ میدان میں اترے گی۔
35 سالہ جو روٹ نے پاکستان کو کمزور یا آسان حریف قرار دینے کے تاثر کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ کسی ٹیم کو بہت خراب اور کسی کو بہت اچھا کہنا آسان ہے، لیکن کھیل میں اتار چڑھاؤ آتا رہتا ہے۔
انگلش کپتان نے کہا کہ پاکستان کے خلاف انگلینڈ کو برتری حاصل ہے، تاہم پاکستانی ٹیم کے پاس مقابلہ کرنے کی صلاحیت موجود ہے۔ محمد عباس نے لارڈز ٹیسٹ میں 5 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ سعود شکیل نے 97 رنز کی اننگز کھیلی۔
جو روٹ کا کہنا تھا کہ پاکستان کے اسکواڈ میں چند تبدیلیاں ضرور ہوئی ہیں، لیکن یہ کہنا درست نہیں کہ ایجبسٹن میں انگلینڈ کو آسان مقابلہ ملے گا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک اچھی ٹیم ہے اور انگلینڈ کو تیسرے ٹیسٹ میں کامیابی کے لیے بہترین کرکٹ کھیلنا ہوگی۔



