latest newsPoliticsWorld

سعودی عرب پر حوثیوں کے حملے قابل مذمت، پاکستان سعودی سلامتی کی حمایت جاری رکھے گا: شہباز شریف

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی عرب کے مختلف شہروں میں حوثی ملیشیا کے حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے مملکت سعودی عرب کی خودمختاری، سلامتی اور علاقائی سالمیت کے لیے پاکستان کی مستقل حمایت کا اعادہ کیا ہے۔

یمن کی حوثی جماعت انصاراللہ کی جانب سے سعودی شہروں ابہا، خمیس مشیط، نجران اور جازان میں حملے کیے گئے، جن میں شہری اور اقتصادی تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا۔ حملوں کے نتیجے میں بچوں اور خواتین سمیت 73 افراد زخمی ہوئے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ اس طرح کے حملے نہ صرف بے گناہ انسانی جانوں کے لیے خطرہ ہیں بلکہ علاقائی امن و سلامتی کو بھی متاثر کرتے ہیں۔

انہوں نے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز، ولی عہد محمد بن سلمان اور برادر سعودی عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے حملوں میں زخمی ہونے والے افراد کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔

وزیراعظم نے کہا کہ سعودی عرب کو اپنے شہریوں اور رہائشیوں کے تحفظ کا مکمل حق حاصل ہے اور پاکستان مملکت کی سلامتی و خودمختاری کے لیے اپنی حمایت جاری رکھے گا۔

دفتر خارجہ نے اپنے بیان میں کہا کہ حوثی ملیشیا کے حملے سعودی عرب کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی کھلی خلاف ورزی ہیں اور یہ حملے پورے خطے کے امن و استحکام کے لیے خطرہ ہیں۔

بیان کے مطابق سعودی عرب کو اپنے علاقے کے دفاع اور شہریوں و رہائشیوں کے تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات کرنے کا مکمل حق حاصل ہے۔ پاکستان اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قانون سے ہم آہنگ سعودی عرب کے جائز حق دفاع کی مکمل حمایت کرتا ہے۔

دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان خطے میں پائیدار امن اور استحکام کے لیے کوششیں کرتا رہا ہے اور آئندہ بھی یہ کوششیں جاری رکھے گا۔ پاکستان نے حملوں میں زخمی ہونے والے افراد کی مکمل صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ حوثی حملے یمن کے تنازع کے پُرامن اور پائیدار حل کے لیے جاری کوششوں کو نقصان پہنچاتے ہیں۔ پاکستان سعودی قیادت، حکومت اور برادر عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button