وزیرداخلہ محسن نقوی کے دفاع میں طلال چوہدری بھی میدان میں آگئے

اسلام آباد: وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری نے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا دفاع کرتے ہوئے کہا ہے کہ محسن نقوی مسلم لیگ (ن) اور وزیراعظم شہباز شریف کے وزیر داخلہ ہیں اور وہ ہر معاملے میں وزیراعظم کی پالیسی کو فالو کرتے ہیں۔
پروگرام ’’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے طلال چوہدری نے کہا کہ محسن نقوی نے نئے صوبوں کی بات کی تو اس پر طوفان کھڑا کردیا گیا، حالانکہ وہ کوئی اچھی بات بھی کریں تو بعض لوگ اس میں بھی برائی نکال لیتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کچھ لوگوں کی توقعات شاید وفاقی وزیر داخلہ سے پوری نہیں ہوتیں، اسی لیے وہ محسن نقوی پر تنقید کرتے ہیں۔
طلال چوہدری کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی نہ تو نئے صوبوں کے معاملے پر اکیلے فیصلہ کرسکتی ہے اور نہ ہی اسے یکسر مسترد کرسکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ میں اس معاملے پر ایسا ماحول بنایا جارہا ہے جیسے ملک تقسیم ہونے جارہا ہو، حالانکہ نئے صوبوں کے معاملے پر بات چیت اور آئینی طریقہ کار کے تحت فیصلہ ہونا چاہیے۔



