latest newsPakistan

عقیدہ ختمِ نبوت ﷺ ہمارے ایمان کی اساس اور ملی یکجہتی کا اہم سرچشمہ ہے: ڈاکٹر احسان بھٹہ

لاہور (شیخ طاہر علی) سیکرٹری/چیف ایڈمنسٹریٹر اوقاف پنجاب ڈاکٹر احسان بھٹہ نے کہا ہے کہ عقیدہ ختمِ نبوت ﷺ اسلام کے بنیادی عقائد میں شامل اور ہمارے ایمان کی اساس ہے، جبکہ 7 ستمبر ہماری دینی، ملی اور قومی تاریخ کا اہم دن ہے۔

ایوان اوقاف لاہور میں منعقدہ ختمِ نبوت ﷺ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر احسان بھٹہ نے کہا کہ 7 ستمبر کو پاکستان کی قومی اسمبلی نے متفقہ طور پر احمدیوں کو غیر مسلم قرار دیا، جو عقیدہ ختمِ نبوت ﷺ کے تحفظ کے حوالے سے ایک تاریخی سنگِ میل ہے۔

انہوں نے کہا کہ عقیدہ ختمِ نبوت ﷺ ہمارے دینی تشخص کی بنیاد ہونے کے ساتھ امتِ مسلمہ کے اتحاد، ملی یکجہتی اور اجتماعی استحکام کا بھی اہم سرچشمہ ہے۔ حضور اکرم ﷺ کی ختمِ نبوت پر غیر متزلزل یقین ہر مسلمان کے ایمان کا لازمی حصہ ہے۔

ڈاکٹر احسان بھٹہ نے کہا کہ پنجاب حکومت کی جانب سے حضور نبی کریم ﷺ سے عقیدت و محبت کے اظہار، عظمت و رفعت کو اجاگر کرنے اور سیرتِ طیبہ و تعلیماتِ نبوی ﷺ کو عام کرنے کے لیے کیے جانے والے اقدامات قابلِ تحسین ہیں۔ ان اقدامات کا مقصد نئی نسل کو حضور اکرم ﷺ کی حیاتِ طیبہ، اسوہ حسنہ اور تعلیمات سے روشناس کرانا ہے۔

کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے خطیب داتا دربار مولانا مختار احمد ندیم نے کہا کہ محبتِ رسول ﷺ مسلمانوں کے ایمان کی روح، زندگی کا سرمایہ اور دینی شناخت کا بنیادی حوالہ ہے۔

علامہ مفتی محمد عمران حنفی نے کہا کہ امتِ مسلمہ کے لیے ضروری ہے کہ عقیدہ ختمِ نبوت ﷺ کے تحفظ کے ساتھ سیرتِ طیبہ ﷺ کی تعلیمات کو انفرادی اور اجتماعی زندگی کا حصہ بنائے اور اسوہ حسنہ پر عملی طور پر کاربند ہو۔

مولانا اعجاز سلیم نے کہا کہ خاتم النبیین حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کی رسالتِ مبارکہ پر کامل ایمان، آپ ﷺ سے بے پایاں محبت اور اطاعت و اتباع ہر مسلمان کے ایمان کا لازمی تقاضا ہے، جبکہ علامہ سجاد حسین جوادی نے کہا کہ انسانی زندگی کا کوئی گوشہ ایسا نہیں جس کے پاکیزہ خد و خال حضور اکرم ﷺ کی زندگی میں موجود نہ ہوں۔

کانفرنس میں ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن اوقاف پنجاب محمد شاکر سندھو، ڈائریکٹر پراجیکٹس اوقاف رفیق نور وٹو، ضلعی خطباء اوقاف اور دیگر علماء کرام نے شرکت کی۔ اختتام پر پاکستان کی ترقی، خوشحالی، امن و سلامتی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button