ترکیے کو گھیرنے کی کوششیں برداشت نہیں کریں گے، آزاد و خوشحال ریاست کے سفر میں رکاوٹ قبول نہیں: اردوان

انقرہ: ترکیے کے صدر رجب طیب اردوان نے ترکیے کو خطے میں گھیرنے کی کوششوں سے خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ انقرہ ایک آزاد اور خوشحال ریاست کے طور پر اپنے سفر میں کسی رکاوٹ کو برداشت نہیں کرے گا۔
کابینہ اجلاس کے بعد خطاب کرتے ہوئے اردوان نے کہا کہ ترکیے اپنے گرد ہونے والے دشمنانہ اقدامات کو خاموشی سے نہیں دیکھے گا، تاہم ان کا ملک کسی ریاست، معاشرے، عقیدے یا ثقافت کے خلاف نہیں۔
انہوں نے کہا کہ مشکل جغرافیائی صورتحال کے باوجود ترکیے آزاد اور خوشحال ریاست کی حیثیت سے اپنا سفر جاری رکھنا چاہتا ہے اور کسی کو اسے روکنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے اردوان نے خطے میں موجودہ تنازعات اور ان کے وسیع تر اثرات کا ذمہ دار اسرائیل کو قرار دیا۔
ترک صدر نے الزام عائد کیا کہ اسرائیل نے جھوٹ اور تخریب کاری کے ذریعے اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کی۔
اردوان نے کہا کہ خطے میں بحرانوں کا طوفان اس وقت تک ختم نہیں ہوگا جب تک وہ سوچ تبدیل نہیں ہوتی جو امن کے معمولی امکان کو بھی اپنے لیے خطرہ سمجھتی ہے۔



