دو خاندان پورے پاکستان پر مسلط ہیں، سہیل آفریدی

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ پنجاب اور سندھ میں مخصوص خاندانوں کی حکومتیں بنتی آرہی ہیں، دو خاندان پورے پاکستان پر مسلط ہیں۔
حیدرآباد کے حیدر چوک پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ لوگ نہ پہلے پاکستان سے مخلص تھے اور نہ آئندہ ہوں گے، انہوں نے ہمیشہ اپنے مفادات کو ترجیح دی۔
ٹنڈو جام ٹول پلازا پر کارکنوں سے خطاب میں سہیل آفریدی نے کہا کہ سندھ کی روایت مہمانوں کا استقبال کرنا ہے، راستے میں جتنی رکاوٹیں ڈالیں جائیں، وہ کراچی ضرور پہنچیں گے۔
انہوں نے بلاول بھٹو زرداری کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ جو کچھ ہورہا ہے وہ سندھ حکومت کررہی ہے، اگر ایسا نہیں تو بتایا جائے کہ کون کررہا ہے۔ بعدازاں سہیل آفریدی حلیم عادل شیخ کے ہمراہ کراچی پہنچ گئے۔
ٹول پلازا پر خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ بلاول نے گزشتہ روز خوش آمدید کا ٹوئٹ کیا لیکن آج راستے بند کردیئے گئے، جس کے باعث انہیں کچے کے راستے سے کراچی آنا پڑا۔
سہیل آفریدی نے الزام عائد کیا کہ حکومت ججز کے احکامات کو بھی نظرانداز کررہی ہے، کراچی ہمیشہ مظلوم رہا ہے اور ہر کوئی کراچی کو کھاتا رہا ہے۔



