پی ٹی آئی کو کراچی میں شاہراہ قائدین پر جلسے کی تاحال اجازت نہ مل سکی

تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو کراچی میں شاہراہ قائدین پر جلسے کی تاحال اجازت نہیں مل سکی، جبکہ ضلع شرقی کی انتظامیہ نے شاہراہ قائدین اور مزار قائد کے اطراف جلسے پر پابندی برقرار رکھنے کا اعلان کیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا ہے کہ مزار قائد کے اطراف کسی قسم کے جلسے، جلوس یا ریلی کی اجازت نہیں۔ اجازت نہ ملنے کے باوجود اجتماع کیا گیا تو قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ مزار قائد کے تقدس کے قانون کے تحت مزار کے احاطے میں جلسہ، مظاہرہ اور جلوس ممنوع ہے۔
دوسری جانب کراچی پولیس نے پی ٹی آئی سے رابطہ کرکے قیادت کو شاہراہ قائدین جانے کے لیے روٹ تبدیل کرنے کی ہدایت کی ہے۔
ٹریفک پولیس کے مطابق نیو ایم اے جناح روڈ اور کوریڈور تھری ٹریفک کے لیے بند ہیں۔ ایم اے جناح روڈ کی دونوں سڑکیں، گرومندر سے نمائش چورنگی اور سیون ڈے اسپتال سے نمائش چورنگی جانے والی سڑک بھی ٹریفک کے لیے بند ہے۔
واضح رہے کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی بھی حلیم عادل شیخ کے ہمراہ کراچی پہنچ گئے ہیں۔



