یومِ دفاع پاکستان: پوری قوم کو مبارکباد، دفاعِ وطن کے لیے قومی یکجہتی ناگزیر ہے، رمیش سنگھ اروڑہ

لاہور (شیخ طاہر علی)صوبائی وزیر برائے اقلیتی امور سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے یومِ دفاع پاکستان کے موقع پر پوری قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ 6 ستمبر ہمیں پاکستان کے دفاع کے لیے دی جانے والی عظیم قربانیوں، قومی اتحاد اور یکجہتی کی یاد دلاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے بہادر شہداء اور غازی قوم کا فخر ہیں جنہوں نے وطن عزیز کی خاطر لازوال قربانیاں دیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مسلح افواج پاکستان کی بہادری، پیشہ ورانہ صلاحیت اور جذبۂ حب الوطنی پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہے۔
سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں مسلح افواج پاکستان نے دفاعِ وطن کے عزم کو مزید مضبوط کیا ہے اور ملکی سلامتی کے لیے اپنی ذمہ داریاں احسن انداز میں نبھا رہی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور سیاسی و عسکری قیادت قومی سلامتی، ملکی خودمختاری اور دفاعِ وطن کے تحفظ کے لیے ایک صفحے پر ہیں۔
صوبائی وزیر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پوری قوم اپنی مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور پاکستان کے دفاع، استحکام اور ترقی کے لیے متحد رہے گی۔



