یومِ فضائیہ: وزیراعظم کا پاک فضائیہ کے افسران اور جوانوں کو خراجِ تحسین

اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے یومِ فضائیہ کے موقع پر پاک فضائیہ کے افسران اور جوانوں کو پیشہ ورانہ خدمات اور شاندار کارکردگی پر خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ پاک فضائیہ نے گزشتہ کئی دہائیوں کے دوران فضائی معرکوں میں اپنی پیشہ ورانہ صلاحیت، مہارت اور برتری ثابت کی ہے۔ یہ ادارہ قربانی، شجاعت اور پیشہ ورانہ مہارت کی قابلِ فخر تاریخ رکھتا ہے اور قوم کی پکار پر ہمیشہ بہادری سے لبیک کہا۔
انہوں نے کہا کہ ستمبر 1965 میں پاک فضائیہ کے شاہینوں نے ملک کی فضائی حدود کے دفاع میں جوش، عزم اور بہادری کا مظاہرہ کیا اور مادرِ وطن کے دفاع کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہدا کی قربانیاں ہمارے لیے قومی اعزاز ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ مئی 2025 میں بھی پاک فضائیہ نے مسلح افواج کی دیگر سروسز کے ساتھ مثالی ہم آہنگی، جدید جنگی صلاحیتوں، مؤثر منصوبہ بندی اور پیشہ ورانہ مہارت کے ذریعے دشمن کا مقابلہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ قوم کو فخر ہے کہ پاک فضائیہ نے ایک بار پھر اپنی شاندار روایت برقرار رکھی۔
شہباز شریف نے پاک فضائیہ کے لیے مزید پیشہ ورانہ کامیابی اور ترقی کی نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ پاک فضائیہ ملک کی خودمختاری اور فضائی سرحدوں کے دفاع کے لیے ہر چیلنج کا سامنا کرنے کے لیے ہمیشہ تیار رہے گی۔
پاک فضائیہ زندہ باد، پاکستان پائندہ باد۔



