فضائی آلودگی کے خلاف لاہور میں بڑا کریک ڈاؤن، 27 گاڑیاں امپاؤنڈ
لاہور(شیخ طاہر علی)ڈی جی ای پی اے پنجاب عبداللہ نیئر شیخ کی ہدایات پر فضائی آلودگی کے خلاف شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر بڑا کریک ڈاؤن کیا گیا۔
ڈپٹی ڈائریکٹر ماحولیات علی اعجاز کی نگرانی میں فیلڈ ٹیموں نے شاہدرہ، سگیان، بابو صابو اور ٹھوکر نیاز بیگ میں دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں اور غیر ڈھکی ریت و تعمیراتی مواد لے جانے والی گاڑیوں کے خلاف کارروائی کی۔
ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزی پر 44 گاڑیوں کے چالان کیے گئے جبکہ مجموعی طور پر 2 لاکھ 20 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔ فضائی آلودگی کا باعث بننے والی 27 گاڑیاں امپاؤنڈ بھی کردی گئیں۔
محکمہ ماحولیات نے غیر ڈھکی ریت اور تعمیراتی مواد لے جانے والی گاڑیوں کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
حکام کے مطابق دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے گی اور شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزی برداشت نہیں کی جائے گی۔ ٹرانسپورٹرز کو ریت اور تعمیراتی مواد مکمل طور پر ڈھانپ کر منتقل کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔
محکمہ ماحولیات کے مطابق فضائی آلودگی اور سموگ کے تدارک کے لیے انفورسمنٹ مہم بلاامتیاز جاری رہے گی۔



