پاکستان کا سب سے بڑا دو روزہ کھجور فیسٹیول اختتام پذیر
لاہور(ابوغازی) لاہور آرگینک ویلج میں پاکستان کا سب سے بڑا دو روزہ کھجور فیسٹیول اختتام پذیر ہوگیا، جس میں ملک بھر میں پیدا ہونے والی کھجور کی 100 سے زائد اقسام نمائش کے لیے پیش کی گئیں۔
فیسٹیول میں بلوچستان، سندھ اور خیبر پختونخوا سمیت مختلف علاقوں سے کھجور کے کاشتکاروں نے شرکت کی اور تقریباً 55 اسٹالز لگائے گئے۔ کھجور کی مختلف اقسام کے علاوہ اس سے تیار ہونے والی مصنوعات اور بائی پراڈکٹس بھی نمائش کا حصہ بنیں۔

فیسٹیول کے افتتاحی روز گورنر پنجاب مہمانِ خصوصی تھے، جبکہ وزیراعظم کے معاونِ خصوصی مولانا طاہر اشرفی، رومانیہ کے سفیر ڈاکٹر ڈین، وزیراعظم کے معاونِ خصوصی رانا مشہود سمیت دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔
منتظمین کے مطابق فیسٹیول کا مقصد مقامی کھجور کی مختلف اقسام کو اجاگر کرنا، کاشتکاروں اور صنعت کو فروغ دینا اور کھجور سے تیار ہونے والی ویلیو ایڈڈ مصنوعات کو ملکی و عالمی سطح پر متعارف کرانا ہے۔
فیسٹیول میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور کھجور کی مختلف اقسام سمیت اس سے تیار مصنوعات میں خصوصی دلچسپی کا اظہار کیا۔



