لاہور کے سی کلاس پارکوں کی اپ گریڈیشن، سہولیات کی تفصیلات طلب

لاہور(عمران اسلم)ہارٹی کلچر ایجنسی لاہور کے ایڈیشنل مینجنگ ڈائریکٹر تسلیم اختر راؤ کی زیرِ صدارت اجلاس میں شہر کے تمام سی کلاس پارکوں میں دستیاب اور عدم دستیاب سہولیات کی تفصیلات طلب کرلی گئیں۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق لاہور کے سی کلاس پارکوں کی اپ گریڈیشن کے لیے جامع پلان تیار کیا جائے گا۔ متعلقہ ڈائریکٹرز کو پارکوں کی موجودہ سہولیات سے متعلق پرفارما جاری کردیا گیا ہے۔
تسلیم اختر راؤ نے ہدایت کی کہ تمام ہارٹیکلچر ڈائریکٹرز دو ہفتوں میں سی کلاس پارکوں کی تفصیلی رپورٹ پیش کریں۔ رپورٹ میں پارکوں کا رقبہ، چار دیواری، واک ویز، جاگنگ ٹریکس، لائٹس، بچوں کے جھولے، فلاور بیلٹس، گھاس کے لان اور درختوں کی تفصیلات شامل ہوں گی۔
اس کے علاوہ واش رومز، پینے کے صاف پانی، جم اور دیگر بنیادی و تفریحی سہولیات کی دستیابی یا عدم دستیابی سے بھی آگاہ کیا جائے گا۔
ایڈیشنل مینجنگ ڈائریکٹر نے کہا کہ رپورٹس کی بنیاد پر سی کلاس پارکوں کی بہتری اور اپ گریڈیشن کے لیے ترجیحات اور ضروری اقدامات طے کیے جائیں گے تاکہ شہریوں کو بہتر اور معیاری تفریحی سہولیات فراہم کی جاسکیں۔



