Businesslatest news
پاکستان بزنس فورم کی نئے صوبوں کے قیام کی حمایت

اسلام آباد: پاکستان بزنس فورم نے معاشی ترقی اور بہتر گورننس کے لیے نظام میں تبدیلیوں کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے ملک میں نئے صوبوں کے قیام کی حمایت کردی۔
فورم کے اعلامیے کے مطابق آبادی اور گورننس کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے ملک میں مزید 10 نئے صوبے قائم کیے جاسکتے ہیں، تاہم اس حوالے سے فیصلہ تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت اور اتفاقِ رائے سے ہونا چاہیے۔
پاکستان بزنس فورم نے مطالبہ کیا کہ نئے صوبوں کے قیام کے ساتھ آئین میں صوبائی فنانس کمیشن پر عمل درآمد بھی یقینی بنایا جائے۔
چیف آرگنائزر احمد جواد نے کہا کہ اٹھارویں ترمیم کے ثمرات ضلعی سطح پر نمایاں نہیں ہوئے، اس لیے نئے صوبوں کے ساتھ بلدیاتی نظام کو بھی مضبوط بنانا ہوگا۔
انہوں نے مؤثر احتساب کا نظام قائم کرنے اور میئر کو براہِ راست عوام کے سامنے جواب دہ بنانے کا مطالبہ بھی کیا۔



