پاکستان سمیت 8 ممالک کی غزہ سے فلسطینیوں کی جبری بے دخلی کی شدید مذمت

اسلام آباد(ہم شہری) پاکستان سمیت 8 ممالک نے اسرائیلی وزراء کے غزہ سے فلسطینیوں کی جبری بے دخلی سے متعلق بیانات کی شدید مذمت کرتے ہوئے کسی بھی بے دخلی کے منصوبے کو مسترد کردیا۔
پاکستان، مصر، انڈونیشیا، اردن، قطر، سعودی عرب، ترکیہ اور متحدہ عرب امارات کے وزرائے خارجہ کے مشترکہ اعلامیے میں فلسطینی عوام کی اپنی سرزمین پر ثابت قدمی کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا گیا۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ غزہ مقبوضہ فلسطینی علاقے کا اٹوٹ حصہ ہے اور غزہ، مغربی کنارے اور مقبوضہ بیت المقدس پر مشتمل فلسطینی سرزمین کا اتحاد برقرار رہنا چاہیے۔
آٹھوں ممالک نے فلسطینیوں کے جائز حقوق کو نقصان پہنچانے کی تمام کوششیں مسترد کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اپنی سرزمین سے بے دخل کرنے کے منصوبے بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی ہیں اور خطے کے استحکام کو نقصان پہنچا سکتے ہیں۔
مشترکہ اعلامیے کے مطابق منصفانہ اور پائیدار امن کا واحد راستہ دو ریاستی حل ہے، جس کے تحت 4 جون 1967 کی سرحدوں کے مطابق آزاد فلسطینی ریاست قائم ہو اور مقبوضہ بیت المقدس اس کا دارالحکومت ہو۔



