معروف صحافی کرسٹیئن امان پور کا 43 سال بعد سی این این چھوڑنے کا اعلان
نیویارک: معروف صحافی کرسٹیئن امان پور نے اعلان کیا ہے کہ وہ 43 سال تک سی این این سے وابستہ رہنے کے بعد آئندہ سال جون میں ادارے کو خیرباد کہہ دیں گی۔
سی این این کی چیف انٹرنیشنل اینکر کرسٹیئن امان پور نے پیر کے روز اپنے بیان میں کہا کہ کئی ماہ تک غور و فکر اور چند بے خواب راتوں کے بعد انہوں نے سی این این سے علیحدگی کا فیصلہ کیا ہے، جس کے ساتھ ان کے 43 شاندار سال گزرے ہیں۔
68 سالہ صحافی نے کہا کہ وہ نئے منصوبوں پر کام کرنے کی منتظر ہیں اور جون 2027 تک سی این این کے لیے دنیا بھر میں رپورٹنگ اور سفر جاری رکھیں گی۔
سی این این کے مطابق امان پور کے بین الاقوامی انٹرویو پروگرام کو جنوری 2027 میں ہفتہ وار شکل دے دی جائے گی، جبکہ یہ پروگرام مئی میں ختم ہوجائے گا۔
کرسٹیئن امان پور نے اپنے طویل صحافتی کیریئر کے دوران خلیجی جنگ، بوسنیا کی جنگ، روانڈا، افغانستان، یوکرین اور ایران سمیت دنیا کے اہم تنازعات اور بحرانوں کی کوریج کی۔
اپنے بیان میں انہوں نے صحافت کے اصولوں پر زور دیتے ہوئے کہا، ’’یاد رکھیں، ہمیشہ سچ بولیں، غیر جانب دار نہ رہیں۔‘‘
امان پور نے بتایا کہ وہ اپنے سابق شوہر جیمی روبن کے ساتھ مشترکہ طور پر پیش کیے جانے والے پوڈکاسٹ ’’دی ایکس فائلز‘‘ کو جاری رکھیں گی۔ تاہم، امریکی عوامی نشریاتی ادارے پی بی ایس پر ان کا پروگرام ’’امان پور اینڈ کمپنی‘‘ دسمبر میں ختم ہونے والا ہے۔
سی این این کے چیئرمین مارک تھامسن نے کرسٹیئن امان پور کو دنیا بھر کے قابلِ اعتماد اور محبوب صحافیوں میں سے ایک قرار دیتے ہوئے ان کی کئی دہائیوں پر محیط صحافتی خدمات کو سراہا۔
یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب سی این این کی ملکیت میں تبدیلی کا عمل جاری ہے۔ حال ہی میں طے پانے والے انضمام کے معاہدے کے تحت سی این این نئی ملکیت میں جائے گا، جس کا تعلق میڈیا کمپنی اسکائی ڈانس سے ہے۔ اس نئے انتظام میں سی بی ایس اور اس کا نیوز ڈویژن، جبکہ اسٹریمنگ پلیٹ فارمز ایچ بی او میکس اور پیراماؤنٹ بھی شامل ہوں گے۔



