اقتدار نہ ملنے پر مولانا فضل الرحمان ایسی باتیں کر رہے ہیں، حنیف عباسی

اسلام آباد: وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اپنے سیاسی مقاصد کے لیے اداروں کو نشانہ بنا رہے ہیں، ان کی باتیں بہت تکلیف دے رہی ہیں اور اقتدار نہ ملنے کی وجہ سے وہ ایسے بیانات دے رہے ہیں۔
اسلام آباد میں گفتگو کرتے ہوئے حنیف عباسی نے کہا کہ سیاسی مقاصد کے لیے کسی ادارے کو نشانہ بنانا قابل مذمت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان دہشت گردوں کی حمایت کرنے والوں کا ساتھ دے رہے ہیں۔
وفاقی وزیر ریلوے نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما ماضی میں مولانا فضل الرحمان پر ڈیزل پرمٹ کے حوالے سے الزامات لگاتے رہے ہیں۔
حنیف عباسی نے مزید کہا کہ انہیں معلوم نہیں کہ شاید مولانا فضل الرحمان سے کیا گیا کوئی وعدہ وفا نہیں ہوا، جس کے باعث وہ اس طرح کے بیانات دے رہے ہیں۔



