latest newsPakistan
صوابی میں پی ٹی آئی کے 56 کارکن گرفتار، تمام اسکول تاحکم ثانی بند کرنے کا اعلان

صوابی: خیبر پختونخوا میں سکیورٹی خدشات کے پیش نظر پولیس نے ضلع صوابی میں کارروائیاں کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے 56 کارکنوں کو گرفتار کرلیا، جبکہ تمام سرکاری و نجی اسکول بھی 12 اکتوبر سے تاحکم ثانی بند رکھنے کا اعلان کردیا گیا۔
پولیس حکام کے مطابق پی ٹی آئی کارکنوں کو اسماعیلہ انٹرچینج اور رزڑ اسپورٹس کمپلیکس سے حراست میں لیا گیا، جبکہ شیوہ اڈہ اور گردونواح سمیت مختلف مقامات پر بھی چھاپے مارے گئے۔
واضح رہے کہ سابق وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کی قیادت میں پی ٹی آئی لانگ مارچ کا قافلہ اتوار کی رات صوابی پہنچنے والا تھا، جس کے پیش نظر ضلع بھر میں سکیورٹی انتظامات سخت کردیے گئے۔
دوسری جانب ضلع صوابی میں موبائل فون نیٹ ورکس اور انٹرنیٹ سروس کی بندش کے باعث شہریوں کو مواصلاتی رابطوں میں مشکلات کا سامنا ہے۔
ڈپٹی کمشنر کی ہدایات پر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفس نے تمام سرکاری و نجی اسکول 12 اکتوبر سے تاحکم ثانی بند رکھنے کا اعلامیہ جاری کردیا ہے، جس میں اسکول سربراہان کو احکامات پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔



