خیبرپختونخوا حکومت کی برطرفی کا امکان، وفاقی کابینہ کے اجلاس میں اہم فیصلے متوقع

اسلام آباد: خیبرپختونخوا کی صوبائی حکومت اور اسمبلی کے مستقبل سے متعلق وفاقی کابینہ کے اجلاس میں اہم فیصلے متوقع ہیں۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم کی زیرِ صدارت اجلاس میں صوبے کی موجودہ سیاسی صورتحال، امن و امان اور گورنر راج کے ممکنہ نفاذ پر غور کیا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں گورنر راج کے نفاذ کے لیے آئینی اور قانونی تقاضوں کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا، جبکہ اس حوالے سے قانونی ماہرین سے مشاورت بھی متوقع ہے۔
اجلاس میں خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی نافذ ہونے کی صورت میں انتظامی امور اور اختیارات سنبھالنے کے ممکنہ طریقۂ کار پر بھی غور کیا جا سکتا ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا اور تحریک انصاف کی قیادت کی ممکنہ حکمت عملی کے تناظر میں وفاقی حکومت کے لائحہ عمل پر بھی تبادلۂ خیال متوقع ہے۔
خیبرپختونخوا کی موجودہ صورتحال کے باعث وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے درمیان سیاسی کشیدگی میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ وفاقی کابینہ کے اجلاس میں صوبے میں امن و امان کی صورتحال اور سیاسی بے یقینی سے نمٹنے کے لیے ممکنہ اقدامات بھی زیرِ غور آ سکتے ہیں۔
تاہم، خیبرپختونخوا حکومت کی برطرفی یا گورنر راج کے نفاذ سے متعلق کسی حتمی فیصلے کی باضابطہ تصدیق سامنے نہیں آئی۔



