Businesslatest news

ایس ایم ایز کی فنانسنگ 2 ہزار ارب روپے تک بڑھانے کا ہدف خوش آئند ہے، ایل سی سی آئی

لاہور(عمران اسلم)لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایل سی سی آئی) نے وزیراعظم شہباز شریف اور وفاقی حکومت کی جانب سے جون 2028 تک چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں (ایس ایم ایز) کی فنانسنگ 2 ہزار ارب روپے تک بڑھانے کے ہدف کا خیرمقدم کیا ہے۔

ایل سی سی آئی کے صدر علی حسام اصغر نے اپنے بیان میں کہا کہ یہ اقدام چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں کو مستحکم کرنے، سرمایہ کاری کے فروغ، روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور ملکی معیشت کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایس ایم ایز پاکستان کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں اور ان میں روزگار کی فراہمی، کاروباری سرگرمیوں کے فروغ، صنعتی و تجارتی ترقی اور برآمدات میں اضافے کی وسیع صلاحیت موجود ہے۔

علی حسام اصغر کے مطابق کاروباری اداروں کو آسان، بروقت اور مناسب شرائط پر مالی سہولتیں فراہم کرنے سے انہیں کاروبار وسعت دینے، جدید ٹیکنالوجی اپنانے، اپنے نظام کو بہتر بنانے اور پیداواری صلاحیت بڑھانے میں مدد ملے گی۔

انہوں نے جون 2028 تک ایس ایم ایز کی فنانسنگ 2 ہزار ارب روپے اور ممکنہ قرض داروں کی تعداد 7 لاکھ 75 ہزار تک پہنچانے کے حکومتی ہدف کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس سے زیادہ کاروباری اداروں کو باضابطہ مالیاتی نظام کا حصہ بنانے میں مدد مل سکتی ہے۔

ایل سی سی آئی کے صدر نے اس بات پر بھی زور دیا کہ حکومتی معاشی پالیسیوں اور کاروباری معاونت کی اسکیموں کے بارے میں مؤثر آگاہی ضروری ہے تاکہ کاروباری افراد دستیاب مالی سہولتوں اور مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھا سکیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button