لانگ مارچ صوابی تک جائے گا، وہاں آئندہ کا لائحہ عمل دوں گا: سہیل آفریدی

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ لانگ مارچ صوابی تک جائے گا، جہاں وہ آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔
ضلع خیبر میں خطاب کرتے ہوئے سہیل آفریدی نے حکومت کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ یہ تاثر دیا جا رہا ہے کہ خیبر پختونخوا حکومت تعاون نہیں کر رہی، تاہم گزشتہ روز ہونے والے مذاکرات سیاسی نوعیت کے تھے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اپنا مقدمہ عوام کے سامنے رکھ چکے ہیں۔
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نے قبائلی عوام کو شناخت اور عزت دی، جبکہ 78 سال بعد قبائلی عوام کو وزیراعلیٰ کا منصب ملا ہے۔
سہیل آفریدی نے کہا کہ 2018 میں قبائلی اضلاع کو خیبر پختونخوا میں ضم کیا گیا، تاہم مالی انضمام سے انکار کیا جا رہا ہے۔ ان کے مطابق انضمام کے بعد وفاقی حکومت کے ذمے قبائلی اضلاع کے لیے سالانہ 100 ارب روپے واجب الادا ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ لانگ مارچ صوابی تک جائے گا اور وہاں آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔



