وزیراعظم شہباز شریف کا قومی یومِ استقامت پر پیغام

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پوری قوم آج 8 اکتوبر 2005 کے تباہ کن زلزلے کے متاثرین کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے 21واں قومی یومِ استقامت منا رہی ہے۔
اپنے پیغام میں وزیراعظم نے زلزلے میں جاں بحق ہونے والے افراد کو یاد کرتے ہوئے قوم کے بہادری، ہمدردی اور ایثار پر مبنی اجتماعی ردعمل کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک میں شامل ہے، جبکہ عالمی گرین ہاؤس گیسوں کے اخراج میں پاکستان کا حصہ نہایت کم ہے۔ سیلاب، زلزلے، لینڈ سلائیڈنگ، جنگلات میں آتش زدگی، وبائیں اور اسموگ قومی عزم اور وسائل کے لیے بڑے چیلنجز ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بارہا قدرتی آفات کا سامنا کرنے کے باوجود پاکستانی قوم ہر آزمائش میں ثابت قدم رہی ہے۔ گزشتہ تجربات سے سبق حاصل کرتے ہوئے مستقبل کی آفات سے بہتر انداز میں نمٹنے کے لیے پیشگی تیاری کو مزید مؤثر بنایا جا رہا ہے۔
وزیراعظم کے مطابق حکومت صوبائی حکومتوں، متعلقہ سرکاری اداروں، نجی شعبے اور سول سوسائٹی کے ساتھ مربوط تعاون یقینی بنا رہی ہے، جبکہ مسلح افواج، ریسکیو اداروں اور ملکی و عالمی انسانی ہمدردی کے شراکت داروں کی خدمات بھی قابلِ تحسین ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ حکومت نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے ذریعے جدید ٹیکنالوجی کو آفات سے نمٹنے کے نظام میں شامل کر رہی ہے، جس میں ڈیٹا پر مبنی تجزیاتی نظام اور مؤثر پیشگی انتباہی نظام شامل ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کے باعث قدرتی آفات کی شدت اور تواتر میں اضافے کے پیش نظر موسمیاتی خطرات سے نمٹنے کی صلاحیت کو ترقیاتی ترجیحات میں مرکزی حیثیت دینا ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کی ترجیح خطرات کو آفت میں تبدیل ہونے سے پہلے شناخت کرنا، نقصانات کم سے کم کرنا، انسانی جانوں اور ذرائع معاش کا تحفظ اور بحالی و تعمیرِ نو کے عمل کو مؤثر اور پائیدار بنانا ہے۔
وزیراعظم نے قومی یومِ استقامت کے موقع پر اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان ردِعمل کی پالیسی سے آگے بڑھتے ہوئے مربوط پیشگی تیاری، مؤثر بحالی اور پائیدار ترقی کی جانب گامزن ہوگا تاکہ ایک محفوظ اور قدرتی و موسمیاتی خطرات سے نمٹنے کی بہتر صلاحیت رکھنے والا پاکستان یقینی بنایا جاسکے۔
انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ قومی عزم کو کامیابی عطا فرمائے۔
پاکستان پائندہ باد۔



