latest newsWorld

امریکا نے برطانیہ کے آر اے ایف فیئرفورڈ اڈے سے تمام بمبار طیارے واپس بلا لیے

لندن: امریکا نے برطانیہ کے فوجی اڈے آر اے ایف فیئرفورڈ سے اپنے تمام بمبار طیارے واپس امریکا منتقل کردیے ہیں۔ یہ فیصلہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب اڈے کے قریب مشتبہ گاڑیوں کے واقعے کی برطانوی انسدادِ دہشت گردی پولیس تحقیقات کر رہی ہے۔

امریکی محکمہ کے ایک عہدیدار نے اتوار کو بمبار طیاروں کی اپنے آبائی اڈوں پر واپسی کی تصدیق کی، تاہم انخلا کی کوئی وجہ بیان نہیں کی گئی۔

27 ستمبر کو گلوسٹرشائر میں اڈے کے قریب تین مشتبہ گاڑیوں کی اطلاع پر پولیس کو طلب کیا گیا تھا۔ واقعے کے بعد پانچ افراد کو دہشت گردی سے متعلق جرائم کے شبہے میں گرفتار کیا گیا، تاہم بعد میں انہیں پولیس ضمانت پر رہا کردیا گیا۔ بعد ازاں ایک برطانوی-ایرانی شہری کو بھی گرفتار کرکے ضمانت پر رہا کیا گیا۔

برطانوی حکومتی ذرائع نے امریکی بمبار طیاروں کی واپسی کو مذکورہ واقعے سے منسلک کرنے کی تردید نہیں کی۔ بی بی سی کے مطابق یہ فیصلہ سیاسی کے بجائے فوجی اور آپریشنل سطح پر کیا گیا اور امریکی فوج نے برطانوی حکام کو اس سے آگاہ کیا۔

برطانوی وزارتِ دفاع نے اس معاملے پر تبصرہ کرنے سے گریز کیا ہے۔ وزیراعظم اینڈی برنہم نے واقعے کے چند روز بعد کہا تھا کہ اس میں ایران کے ملوث ہونے کے ’’مضبوط اشارے‘‘ موجود ہیں، تاہم انہوں نے مزید تفصیلات نہیں بتائیں۔ ایران نے کسی بھی قسم کے ملوث ہونے کی سختی سے تردید کی ہے۔

آر اے ایف فیئرفورڈ کئی دہائیوں سے امریکی فضائیہ کے فارورڈ آپریٹنگ بیس کے طور پر استعمال ہوتا رہا ہے۔ حالیہ مہینوں میں امریکی بمبار طیاروں نے اسی اڈے سے مشرقِ وسطیٰ کے لیے پروازیں کیں، جبکہ برطانیہ نے ایران کے خلاف دفاعی کارروائیوں کے لیے اڈے کے استعمال کی امریکی درخواست منظور کی تھی۔

ایران نے جولائی میں خبردار کیا تھا کہ اس کی سرزمین کے خلاف جارحیت کے لیے استعمال ہونے والا کوئی بھی اڈہ ایرانی فورسز کے لیے جائز ہدف تصور ہوگا۔

امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے واقعے کے بعد کہا تھا کہ اس میں ’’واضح طور پر کسی غیر ملکی فریق کا ہاتھ‘‘ نظر آتا ہے، تاہم انہوں نے مزید تفصیلات بتانے سے گریز کیا۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی پانچ زیرِحراست افراد کی ضمانت پر رہائی پر حیرت کا اظہار کیا تھا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button