latest newsPakistan

وزیراعظم شہباز شریف کا عالمی یوم اساتذہ پر اساتذہ کو خراجِ تحسین

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کا گہرا تعلق معیاری نظامِ تعلیم اور اساتذہ کی لگن سے ہے۔

عالمی یومِ اساتذہ کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیراعظم نے پاکستان سمیت دنیا بھر کے اساتذہ کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کی تعلیم و تربیت ایک مقدس ذمہ داری ہے، کیونکہ یہی نوجوان مستقبل کے معمار ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ اساتذہ نوجوانوں کی شخصیت سازی، صلاحیتوں کو نکھارنے اور علم میں اضافے میں بنیادی کردار ادا کرتے ہیں۔ وہ فکری نشوونما، ذہن سازی اور نئی نسل کی رہنمائی کے ذریعے معاشرے کی مشترکہ اقدار اور بنیادوں کی تشکیل میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ اساتذہ کی محنت، علم اور عزم قوموں کے مستقبل کی تشکیل میں کلیدی اہمیت رکھتے ہیں۔ اساتذہ طلبہ میں جستجو کا جذبہ پیدا کرنے کے ساتھ انہیں تیزی سے بدلتی دنیا میں کامیابی کے لیے ضروری اعتماد اور مہارتیں فراہم کرتے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ مصنوعی ذہانت، موسمیاتی تبدیلی، ٹیکنالوجی میں پیش رفت اور علم پر مبنی روزگار کے تقاضوں سے ہم آہنگ جامع اور مستقبل پر مبنی نظامِ تعلیم ہی روشن مستقبل کی ضمانت بن سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ دور کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے طلبہ کو صرف علم ہی نہیں بلکہ تنقیدی سوچ، تخلیقی صلاحیت، اخلاقی اقدار، حالات کے مطابق ڈھلنے کی صلاحیت اور زندگی بھر سیکھنے کا جذبہ بھی دینا ہوگا۔

وزیراعظم نے واضح کیا کہ نظامِ تعلیم کو میرٹ پر مبنی، معیاری اور عالمی معیار سے ہم آہنگ بنانا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button