کیلیفورنیا میں کم عمری کی شادی پر پابندی، یکم جنوری 2027 سے عمر کی حد 18 سال مقرر

امریکی ریاست کیلیفورنیا میں کم عمری کی شادی پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔ نئے قانون کے تحت یکم جنوری 2027 سے ریاست میں شادی کے لیے فریقین کی عمر کم از کم 18 سال ہونا لازمی ہوگی۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق گورنر کی جانب سے قانون پر دستخط کے بعد کیلیفورنیا امریکا کی 18ویں ریاست بن گئی ہے جہاں شادی کی قانونی عمر 18 سال مقرر کی گئی ہے، جبکہ دیگر 32 ریاستوں میں بعض حالات میں کم عمری کی شادی کی اجازت موجود ہے۔
اس سے قبل کیلیفورنیا میں قانون کے تحت کسی بھی عمر کے نابالغ افراد والدین کی رضامندی حاصل کرنے کے بعد عدالت سے شادی کی اجازت لے سکتے تھے۔
کم عمری کی شادی کے خلاف مہم چلانے والی تنظیم اَن چینڈ ایٹ لاسٹ کے مطابق کیلیفورنیا میں ہر سال تقریباً 9 ہزار نابالغوں کی شادیاں ہوتی ہیں۔ نئے قانون کے حامیوں کا کہنا ہے کہ اس کا مقصد نابالغ افراد کو کم عمری کی شادی کے ممکنہ منفی اثرات سے تحفظ فراہم کرنا ہے۔



