ورلڈ کپ 2027: پاکستان اور بھارت ایک ہی گروپ میں، 3 بار مقابلے کا امکان

اسلام آباد: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے 2027 میں ہونے والے ون ڈے ورلڈ کپ کے گروپس کا اعلان کردیا، جس میں روایتی حریف پاکستان اور بھارت کو گروپ اے میں رکھا گیا ہے۔
آئی سی سی کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق ورلڈ کپ 2027 کے مین راؤنڈ کے لیے 12 ٹیموں کو دو گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔ گروپ اے میں دفاعی چیمپئن آسٹریلیا، پاکستان، بھارت، افغانستان، شریک میزبان زمبابوے اور ایک کوالیفائر ٹیم شامل ہوگی۔
گروپ بی میں شریک میزبان جنوبی افریقا، انگلینڈ، نیوزی لینڈ، سری لنکا، بنگلہ دیش اور دوسری کوالیفائر ٹیم کو رکھا گیا ہے۔
پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ 10 اکتوبر 2027 کو جوہانسبرگ میں کھیلا جائے گا۔ دونوں ٹیموں کے ایک ہی گروپ میں ہونے کے باعث ان کے درمیان ٹورنامنٹ کے دوران ایک سے زیادہ مرتبہ مقابلے کا امکان موجود ہے۔ دونوں ٹیمیں ابتدائی گروپ مرحلے کے علاوہ سپر سیون مرحلے اور اس کے بعد سیمی فائنل یا فائنل میں بھی آمنے سامنے آسکتی ہیں۔
ورلڈ کپ کا آغاز 2 اکتوبر 2027 کو نمیبیا کے شہر ونڈہوک میں تین ٹیموں پر مشتمل سپر سیریز سے ہوگا۔ اس مرحلے کی فاتح ٹیم مین گروپ مرحلے میں جگہ بنائے گی۔
مین راؤنڈ کا باقاعدہ آغاز 7 اکتوبر کو کیپ ٹاؤن میں بھارت اور آسٹریلیا کے میچ سے ہوگا۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ 2003 میں جنوبی افریقا کی میزبانی میں ہونے والے ورلڈ کپ کا فائنل بھی بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلا گیا تھا۔
نئے فارمیٹ کے تحت ورلڈ کپ میں مجموعی طور پر 14 ٹیمیں شریک ہوں گی۔ ابتدائی سپر سیریز کے بعد 12 ٹیموں کو 6، 6 کے دو گروپس میں تقسیم کیا جائے گا۔ دونوں گروپس کی ٹاپ ٹیمیں سپر سیون مرحلے میں پہنچیں گی، جہاں ٹیمیں مزید میچز کھیلیں گی۔
سپر سیون مرحلے کے اختتام پر ٹاپ 4 ٹیمیں سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کریں گی، جبکہ سیمی فائنل کی فاتح ٹیمیں فائنل میں مدمقابل ہوں گی۔
ٹائٹل جیتنے والی ٹیم کو پورے ٹورنامنٹ میں مجموعی طور پر 13 میچز کھیلنا ہوں گے، جن میں 5 گروپ میچز، 6 سپر سیون میچز، ایک سیمی فائنل اور فائنل شامل ہوگا۔
میزبان جنوبی افریقا اور زمبابوے پہلے ہی ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کرچکے ہیں، جبکہ دیگر 8 ٹیمیں آئی سی سی ون ڈے رینکنگ کی بنیاد پر براہ راست کوالیفائی کریں گی۔
باقی چار ٹیموں کا فیصلہ فروری اور مارچ 2027 میں ہونے والے کوالیفائنگ مقابلوں کے ذریعے ہوگا۔ شیڈول میں ان ٹیموں کو کوالیفائر 1، 2، 3 اور 4 کے نام سے شامل کیا گیا ہے۔
دو مرتبہ کی عالمی چیمپئن ویسٹ انڈیز کے علاوہ آئرلینڈ



