crimelatest news

ایف آئی اے کی کارروائی، انسانی اسمگلنگ کے بین الاقوامی نیٹ ورک کا مبینہ سرغنہ گرفتار

ویب ڈیسک: وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے گوجرانوالہ میں کارروائی کرتے ہوئے انسانی اسمگلنگ کے ایک مبینہ بین الاقوامی نیٹ ورک کے سرغنہ کو گرفتار کرلیا۔

ایف آئی اے کے ترجمان کے مطابق ملزم آسام علی ترکیہ سے لاہور ایئرپورٹ پہنچا، جہاں اس کا نام اسٹاپ لسٹ میں شامل ہونے کے باعث اسے حراست میں لے لیا گیا۔

ایف آئی اے کے ڈائریکٹر کے مطابق آسام علی کی گرفتاری کے بعد انسانی اسمگلنگ کے مبینہ نیٹ ورک سے متعلق مزید معلومات سامنے آئی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ 10 افراد پر مشتمل یہ گروہ مبینہ طور پر 7 ممالک میں سرگرم تھا۔

حکام کے مطابق استنبول میں آسام علی کی موبائل فون کی دکان مبینہ طور پر حوالہ ہنڈی کے لیے بھی استعمال ہوتی تھی۔ ایف آئی اے کے مطابق گروہ پاکستان سے لوگوں کو ترکیہ منتقل کرنے اور بعد ازاں انہیں یورپ پہنچانے میں ملوث تھا۔

تفتیشی حکام کے مطابق اصغر شاہ یونان جبکہ نادر چوہان اٹلی میں مبینہ طور پر نیٹ ورک کے معاملات دیکھتا تھا۔

ایف آئی اے حکام کے مطابق قاسم ترکیہ، جبکہ علی حسن اور وسیم جرمنی اور یونان میں مبینہ طور پر سرگرم تھے۔ باسط علی پاکستان میں مبینہ حوالہ ہنڈی کے معاملات دیکھتا تھا، جبکہ ماسٹر ساجد نوجوانوں سے رابطے کرتا تھا۔

ایف آئی اے کے ڈائریکٹر کے مطابق دستیاب شواہد کی بنیاد پر نیٹ ورک کے تمام نامزد افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے، جبکہ دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے قانونی کارروائی جاری ہے۔

حکام کے مطابق گرفتار ملزم سے مزید تفتیش کی جا رہی ہے تاکہ مبینہ نیٹ ورک کے دیگر ارکان، مالی معاملات اور انسانی اسمگلنگ کے طریقہ کار سے متعلق مزید معلومات حاصل کی جاسکیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button