تولیے دھونے کے بعد سخت کیوں ہوجاتے ہیں؟ نرمی برقرار رکھنے کے آسان طریقے

نرم اور ملائم تولیہ استعمال کرنا سب کو پسند ہے، تاہم بار بار دھلائی کے بعد بعض تولیے سخت اور کھردرے ہوجاتے ہیں۔ اس کی بڑی وجوہات میں ڈیٹرجنٹ کی باقیات، پانی میں موجود معدنیات، فیبرک سافٹنر کا زیادہ استعمال اور خشک کرنے کا نامناسب طریقہ شامل ہیں۔
تولیوں کو دوسرے کپڑوں سے الگ دھونا بہتر ہے، کیونکہ وہ زیادہ پانی جذب کرتے ہیں۔ اس طرح تولیے اچھی طرح دھل سکتے ہیں اور ریشوں میں ڈیٹرجنٹ جمع ہونے کے امکانات کم ہوجاتے ہیں۔
تولیوں کو نرم رکھنے کے لیے فیبرک سافٹنر کا زیادہ استعمال بھی نہیں کرنا چاہیے۔ سافٹنر تولیے کے ریشوں پر تہہ بنا سکتا ہے، جس سے اس کی پانی جذب کرنے کی صلاحیت متاثر ہوسکتی ہے۔
اگر تولیہ سخت ہوجائے تو سفید سرکے کا استعمال بھی کیا جاسکتا ہے۔ ایک کپ سفید سرکہ گرم پانی کے ساتھ استعمال کرکے تولیہ دھویا جاسکتا ہے، تاہم سرکہ استعمال کرنے سے پہلے تولیے کے لیبل پر درج ہدایات ضرور دیکھیں اور اسے بلیچ یا کسی دوسرے صفائی کے کیمیکل کے ساتھ نہ ملائیں۔
تولیے کو دھونے کے بعد اچھی طرح کھنگالنا اور ہوا دار جگہ پر خشک کرنا بھی ضروری ہے۔ ڈرائر استعمال کرتے وقت مناسب درجہ حرارت رکھیں اور ضرورت سے زیادہ گرمی سے گریز کریں۔
اگر تولیہ بہت پرانا ہوچکا ہو، اس کے ریشے خراب ہوگئے ہوں یا مناسب صفائی کے باوجود مسلسل سخت رہے تو اسے تبدیل کرنا بہتر ہے۔



