پاکستانی ریپر دانیہ کنول ٹائمز اسکوائر کے بل بورڈ پر نمایاں

کراچی: پاکستانی ریپر، ڈانسر اور کوریوگرافر دانیہ کنول نیویارک کے مشہور ٹائمز اسکوائر کے بل بورڈ پر نمایاں ہوگئیں، جو ان کے میوزک کیریئر میں ایک اور اہم سنگ میل ہے۔
Spotify نے دانیہ کنول کو 2026 کی تیسری سہ ماہی کے لیے EQUAL پاکستان ایمبیسیڈر مقرر کیا ہے۔ وہ ہپ ہاپ موسیقی کو جنوبی ایشیائی اثرات کے ساتھ پیش کرتی ہیں اور ان کے گیت شناخت، خواتین اور نوجوانوں کے تجربات جیسے موضوعات پر مبنی ہیں۔
دانیہ کا گانا ’Mic Check‘ ان کے سات گانوں پر مشتمل ڈیبیو البم ’Kanwal‘ کا حصہ ہے۔ Spotify کے مطابق گزشتہ ایک سال میں ان کے سامعین میں 3,470 فیصد جبکہ گانوں کے اسٹریمز میں 6,920 فیصد سے زائد اضافہ ہوا۔
موسیقی سے قبل دانیہ B-Girl Destiny کے نام سے ہپ ہاپ ڈانسر اور بریکر کے طور پر سرگرم رہیں۔ 2022 میں وہ پاکستان میں ہونے والی پہلی بین الاقوامی بریکنگ چیمپئن شپ میں قومی چیمپئن بننے والی پہلی پاکستانی خاتون بنیں۔
رواں سال انہوں نے HBL PSL 11 کے ترانے ’کھیلیں گے بیٹ پہ‘ میں عاطف اسلم، صابری سسٹرز اور آئمہ بیگ کے ساتھ پرفارم کیا اور گانے کے بول لکھنے والوں میں بھی شامل رہیں۔
دانیہ کی موسیقی پاکستان کے علاوہ امریکا، برطانیہ، کینیڈا، آسٹریلیا اور متحدہ عرب امارات میں بھی سنی جا رہی ہے، جبکہ ان کے تقریباً 70 فیصد Spotify سامعین کی عمریں 18 سے 34 سال کے درمیان ہیں۔
دانیہ نے EQUAL پروگرام سے متعلق گفتگو میں کہا کہ انہیں یہ پلیٹ فارم اس لیے پسند ہے کیونکہ یہاں خواتین کو آزادی، جسم، خواہش، عزائم اور دیگر ایسے موضوعات پر بات کرنے کی جگہ ملتی ہے جن پر عام طور پر گفتگو نہیں کی جاتی۔



