ایم ڈی کیٹ نتائج میں دیہی سندھ کے طلبہ کی نمایاں کامیابی، تھرپارکر نے کراچی کو پیچھے چھوڑ دیا

کراچی (عمران اسلم) ایم ڈی کیٹ 2026 کے نتائج میں سندھ کے دیہی اضلاع کے طلبہ نے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کیا، جبکہ تھرپارکر کے امیدواروں کی کامیابی کا تناسب کراچی سے زیادہ رہا۔
دستیاب اعداد و شمار کے مطابق کراچی کے 9,505 امیدواروں میں سے 5,492 کامیاب ہوئے، جن کی کامیابی کی شرح 57.8 فیصد رہی، جبکہ تھرپارکر کے 1,027 امیدواروں میں سے 613 کامیاب ہوئے اور کامیابی کی شرح 59.7 فیصد رہی۔
ایم ڈی کیٹ کے ٹاپ 50 امیدواروں میں تھرپارکر کے 12 جبکہ کراچی کے صرف 7 امیدوار شامل ہوئے۔ ٹاپ 10 میں بھی تھرپارکر، لاڑکانہ، شکارپور، سکھر، نواب شاہ، نوشہرو فیروز، بدین اور قمبر شہدادکوٹ کے طلبہ نمایاں رہے۔
رپورٹ کے مطابق دیہی سندھ کے طلبہ کی کامیابی صرف ایم ڈی کیٹ تک محدود نہیں، بلکہ مختلف مقابلے کے امتحانات، یونیورسٹی داخلوں اور اسکالرشپس میں بھی ان کی کارکردگی سامنے آ رہی ہے۔
ان نتائج کو شہری اور دیہی سندھ کے درمیان مقابلے کے بجائے میرٹ، محنت اور تعلیمی مواقع میں تبدیلی کے تناظر میں دیکھا جانا چاہیے۔ دور دراز علاقوں کے طلبہ کی کامیابی اس امر کی جانب بھی اشارہ کرتی ہے کہ محدود وسائل کے باوجود محنت اور بہتر تیاری سے نمایاں نتائج حاصل کیے جا سکتے ہیں۔



