خواتین اور خاندانوں کو نشانہ بنا کر کسی نظریے کو شکست نہیں دی جاسکتی: سہیل آفریدی

پشاور: وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے علیمہ خان کی گرفتاری پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب میں خواتین کے ساتھ جو سلوک کیا جا رہا ہے، وہ ہماری روایات کے منافی ہے۔
پشاور سے جاری بیان میں سہیل آفریدی نے علیمہ خان کی 3 ایم پی او کے تحت گرفتاری کو بدترین سیاسی انتقام قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ خواتین اور خاندانوں کو نشانہ بنا کر کسی نظریے کو شکست نہیں دی جاسکتی۔ ان کے بقول چادر اور چار دیواری کا تقدس بغیر کسی خوف کے پامال کیا جا رہا ہے۔
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے سوال اٹھایا کہ عمران خان کی بہنوں اور خاندان کی خواتین کو نشانہ بنانا کون سی سیاست اور اخلاقیات ہے۔
دوسری جانب خیبر پختونخوا کے وزیر اطلاعات شفیع جان نے کہا کہ علیمہ خان کی گھر کے باہر سے گرفتاری سے پنجاب حکومت کا خوف ظاہر ہوتا ہے۔
شفیع جان نے مزید کہا کہ لانگ مارچ کے خوف نے حکومت کو چین سے بیٹھنے نہیں دیا۔



