latest newsPolitics

مذاکرات کے دروازے کھلے ہیں، حکومت سنجیدگی سے بات کرے تو حل نکل سکتا ہے: راجا ناصر عباس

اسلام آباد(ہم شہری) سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر علامہ راجا ناصر عباس نے کہا ہے کہ مذاکرات کے دروازے کھلے ہیں، حکومت سنجیدگی سے بات کرے تو سیاسی مسائل کا حل نکل سکتا ہے۔

راجا ناصر عباس نے کہا کہ وزیر داخلہ سینیٹر محسن نقوی سے گزشتہ دنوں ہونے والی ملاقات اور گفتگو کا کوئی نتیجہ نہیں نکل سکا۔

انہوں نے بتایا کہ محسن نقوی کا اصرار تھا کہ احتجاج کی کال واپس لی جائے تو بات آگے بڑھے گی، جبکہ اپوزیشن نے انہیں بتایا کہ 27 ستمبر کی احتجاجی کال صرف بانی پی ٹی آئی ہی واپس لے سکتے ہیں۔

راجا ناصر عباس کے مطابق اپوزیشن نے وزیر داخلہ سے کہا کہ ملاقات کی اجازت دی جائے تاکہ وہ بانی پی ٹی آئی سے اس معاملے پر بات کرسکیں، تاہم ملاقات کسی نتیجے کے بغیر ختم ہوگئی۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے کارکنوں کو بھی پُرامن احتجاج کا حق حاصل ہے، حکومت کو پُرامن جلسوں سے خوفزدہ نہیں ہونا چاہیے اور احتجاج کرنے والوں کے لیے راستے کھلے رکھنے چاہئیں۔

اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ حکومت کو مذاکرات اور پُرامن احتجاج کے انتظامات کرنے چاہئیں، ہم کسی سے لڑائی نہیں چاہتے اور حکومت کو ہم سے بات کرنی چاہیے۔

انہوں نے مزید کہا کہ احتجاج کا اعلان ہونے پر حکومت بات چیت کرتی ہے، تاہم احتجاج ختم کرنے کا اختیار بانی پی ٹی آئی کے پاس ہے۔ ان کے بقول سیاسی لوگ ہیں اور مذاکرات کے ذریعے کوئی حل نکالا جا سکتا ہے۔

راجا ناصر عباس نے کہا کہ حکومت کو لچک کا مظاہرہ کرنا ہوگا، احتجاج کرنے والوں سے بات چیت ہونی چاہیے اور مذاکرات کا راستہ بند کرنا درست نہیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button