latest newsPakistan

فیملی فزیشنز صحت کے نظام کا اہم ستون، گولڈ میڈلز حوصلہ افزائی کا ذریعہ ہیں: میجر جنرل ندیم فضل

لاہور(عمران اسلم)سوسائٹی آف فیملی فزیشنز اور جنرل کیڈر ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام سالانہ فیملی کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، جس میں پاکستان سمیت مختلف ممالک سے طبی ماہرین اور ڈاکٹرز نے شرکت کی۔

کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سی ایم ایچ میڈیکل کالج لاہور کے پرنسپل میجر جنرل ندیم فضل (ستارہ امتیاز ملٹری) نے کہا کہ فیملی میڈیسن دنیا بھر میں توجہ کا مرکز بن چکی ہے اور پاکستان میں بھی اس شعبے کو فروغ دیا جا رہا ہے۔ جدید علوم کو فیملی میڈیسن میں شامل کرکے مزید بہتری لائی جاسکتی ہے۔

انہوں نے کانفرنس میں شریک مندوبین کو مبارکباد دی اور فیملی میڈیسن میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے ڈاکٹرز میں گولڈ میڈلز تقسیم کیے۔

ڈاکٹر مسعود شیخ نے کہا کہ ہیلتھ ایڈمنسٹریشن، ہیلتھ ڈلیوری سسٹم کا اہم حصہ ہے۔ میڈیکل سپرنٹنڈنٹس کی تعیناتی اور تحفظ کے لیے واضح ایس او پیز بنانا ضروری ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایم ایس کے عہدے کو مضبوط کیے بغیر ہسپتالوں کی کارکردگی میں بہتری ممکن نہیں۔

انہوں نے کہا کہ میڈیکل سپرنٹنڈنٹس کو اچانک عہدے سے ہٹا کر انکوائری کا سامنا کرنا پڑتا ہے، جبکہ ہسپتال کی مختلف کمیٹیوں کے ارکان اور معاون عملے سے متعلق اسی نوعیت کی جواب دہی نہیں ہوتی۔

پاکستان سوسائٹی آف فیملی فزیشنز کے صدر ڈاکٹر طارق عزیز نے کہا کہ فیملی فزیشنز معاشرے میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں اور ان کی پیشہ ورانہ بہتری کے بغیر ہیلتھ ڈلیوری سسٹم میں بہتری ممکن نہیں۔

انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی کانفرنس میں دنیا بھر میں ہونے والی طبی تحقیق، تشخیص اور علاج کے شعبوں میں ہونے والی پیش رفت سے ڈاکٹرز کو آگاہ کیا گیا۔ ہمسایہ ممالک کے ماہرین کی شرکت سے طبی شعبے میں تعاون اور ترقی کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔

ڈاکٹر مظفر شیخ نے کہا کہ فیملی فزیشنز اپنے مریضوں اور ان کے خاندانوں کے ساتھ قریبی تعلق رکھتے ہیں اور لوگ صحت سمیت مختلف اہم معاملات میں بھی ان سے مشورہ کرتے ہیں، اس لیے انہیں مسلسل اپنے علم میں اضافہ کرنا چاہیے۔

افتتاحی تقریب سے سیکریٹری ڈاکٹر کیپٹن قاسم خان، ڈین آئی پی ایچ پروفیسر سائرہ افضل، پروفیسر ملازم حسین بخاری، پرنسپل سینٹرل پارک میڈیکل کالج کرنل عامر میاں اور ہیلتھ کیئر کمیشن کے کنسلٹنٹ ڈاکٹر مشتاق سلہریا نے بھی خطاب کیا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button