health & Foodlatest news

خوردنی تیل کی ترسیل کے کرائے بڑھانے کا گٹھ جوڑ ثابت، آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن پر 6 کروڑ جرمانہ

لاہور: مسابقتی کمیشن پاکستان (سی سی پی) نے خوردنی تیل اور گھی کی ترسیل کے کرائے باہمی طور پر طے کرنے اور ٹینکرز میں کاروبار تقسیم کرنے کے الزام کو ثابت قرار دیتے ہوئے آل پاکستان ایڈیبل آئل ٹینکر اونرز ایسوسی ایشن پر 6 کروڑ روپے جرمانہ عائد کردیا۔

سی سی پی کے مطابق ایسوسی ایشن نے خوردنی تیل کی ترسیل کے کرائے اجتماعی طور پر مقرر کیے، جس پر 3 کروڑ روپے جبکہ پرچی اور باری کے ذریعے کاروبار کی تقسیم پر مزید 3 کروڑ روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔

کمیشن کے مطابق ایسوسی ایشن نے ڈیزل کی قیمت میں ایک روپے اضافے پر ٹرانسپورٹ کرایہ 0.75 فیصد بڑھانے، جبکہ ایک روپے کمی پر کرایہ صرف 0.5 فیصد کم کرنے کا فارمولا طے کر رکھا تھا۔ یوں ڈیزل کی قیمت میں یکساں تبدیلی کے باوجود کرایہ بڑھانے کی شرح کمی کی شرح سے 50 فیصد زیادہ تھی۔

سی سی پی کے مطابق گزشتہ چھ برس کے دوران ٹرانسپورٹ کرایوں میں 89 مرتبہ اجتماعی ردوبدل کیا گیا، جن میں 52 مرتبہ اضافہ اور 37 مرتبہ کمی شامل تھی۔ رعایتی کرایوں پر تیل کی ترسیل کرنے والے ٹینکر مالکان کو بلیک لسٹ کرنے، جبکہ رعایتی کرایہ طلب کرنے والی ملوں کو سپلائی روکنے کی دھمکیاں بھی دی گئیں۔

فیصلے میں کہا گیا کہ ٹینکرز کو آزادانہ مسابقت کے بجائے پرچی اور باری کے نظام کے تحت کاروبار دیا جاتا تھا۔ مقررہ شرائط کی خلاف ورزی پر ٹینکر اور مالک کے لیے الگ الگ 5 لاکھ روپے جرمانہ بھی مقرر تھا۔ شوکاز نوٹس کے باوجود اگست 2026 میں 81 مقامات کے لیے نئے کرایوں کا سرکلر جاری کیا گیا۔

سی سی پی کے مطابق ایسوسی ایشن کے پاس تقریباً 2,362 ٹینکرز اور 1,700 مالکان رجسٹرڈ تھے، جبکہ روزانہ 250 سے 300 ایسوسی ایشن ٹینکرز بندرگاہوں پر آتے تھے۔ کمیشن کے مطابق متعلقہ مارکیٹ میں ایسوسی ایشن کا حصہ تقریباً 83 فیصد تھا۔

کمیشن کا کہنا ہے کہ آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن اور پاکستان وناسپتی مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے درمیان ٹرانسپورٹ کرایوں کے تعین کا معاہدہ موجود تھا۔ ایسوسی ایشن کے نمائندوں نے کرایے باہمی معاہدے کے تحت طے ہونے کا اعتراف کیا، جبکہ یہ معاہدہ 2011 میں ہوا اور 2022 میں اپ ڈیٹ کیا گیا۔

سی سی پی نے تلاشی کے دوران گزشتہ چھ برس کے ریٹ سرکلرز، معاہدے اور کمپیوٹر میں محفوظ ریکارڈ بھی قبضے میں لیا۔ کمیشن کے مطابق سابقہ فیصلے میں پاکستان وناسپتی مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کو بھی کمپٹیشن ایکٹ کی دفعہ 4 کی خلاف ورزی پر 5 کروڑ روپے جرمانہ عائد کیا جاچکا ہے۔

سی سی پی نے خوردنی تیل کی ترسیل کے کرایوں کا اجتماعی تعین اور پرچی و باری کا نظام فوری طور پر ختم کرنے کا حکم بھی دے دیا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button