محمد رضوان کا این سی سی آئی اے کو جواب، آن لائن جوئے سے متعلق الزامات کی تفصیلات طلب

اسلام آباد: پاکستان کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان نے نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) کے سوال نامے کے جواب میں کہا ہے کہ انہیں آج تک نہیں بتایا گیا کہ کس آن لائن جوئے سے منسوب کیا جا رہا ہے۔
محمد رضوان کا جواب جیو نیوز نے حاصل کرلیا، جس میں انہوں نے کہا کہ بطور کرکٹر اپنی اہلیت کے مطابق پاکستانی ٹیم کی خدمت کی۔ ان کے مطابق 8 ستمبر کو این سی سی آئی اے کا نوٹس موصول ہوا، تاہم آج تک انہیں متعلقہ وقوعے اور اس میں اپنے کردار سے متعلق کوئی تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔
محمد رضوان نے کہا کہ پیشی کے دوران انہوں نے متعدد بار اپنے خلاف الزامات کی تفصیلات طلب کیں، لیکن انہیں کوئی معلومات فراہم نہیں کی گئیں۔
انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ کرکٹرز سے متعلق کرپشن کے معاملات کے لیے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کا اینٹی کرپشن یونٹ متعلقہ فورم ہے، جبکہ ان کے خلاف الزامات بھی آئی سی سی کے اینٹی کرپشن یونٹ کو رپورٹ نہیں کیے گئے۔
محمد رضوان نے کہا کہ این سی سی آئی اے کی جانب سے ایسے معاملے کی انکوائری کرنا سمجھ سے بالاتر ہے اور اگر کوئی شکایت موجود ہے تو اس کی تحقیقات آئی سی سی کے اینٹی کرپشن یونٹ کا اختیار ہے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ ان کے خلاف الزامات کی مکمل تفصیلات فراہم کی جائیں تاکہ وہ انکوائری کا حصہ بن سکیں۔ محمد رضوان نے کہا کہ اگر ان پر کوئی الزام ہے تو معاملہ فوری طور پر اینٹی کرپشن یونٹ کو بھجوایا جائے۔



