سعودی عرب پر حوثی حملہ قابلِ مذمت، پاکستان مکہ معاہدے کا پابند اور سعودی عرب کے ساتھ کھڑا ہے: دفتر خارجہ

اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ سجاد حیدر خان نے سعودی عرب پر حوثیوں کے حملے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان مکہ معاہدے کا پابند ہے اور سعودی عرب کے ساتھ کھڑا ہے۔
اسلام آباد میں ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ سعودی عرب پر حوثیوں کا حملہ انتہائی تشویشناک اور قابلِ مذمت ہے، جس سے دنیا بھر کے مسلمانوں کے جذبات مجروح ہوئے۔
سجاد حیدر خان نے کہا کہ پاکستان مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال کا انتہائی سنجیدگی سے جائزہ لے رہا ہے اور حوثی حملوں کے تناظر میں خطے میں ابھرتی صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہے۔ مکہ دفاعی معاہدے پر تینوں ممالک کی جانب سے پریس ریلیز جاری کی گئی ہیں اور یہ معاہدہ دفاعی نوعیت کا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان کو خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور اس کے ممکنہ اثرات پر شدید تحفظات ہیں جبکہ باب المندب کی صورتحال بھی باعث تشویش ہے۔
بھارتی بحری جہاز سے متعلق ترجمان نے کہا کہ بھارتی بحری جہاز نے پاکستانی بحریہ کے جہاز کے انتہائی قریب جارحانہ نقل و حرکت کی، جس کے نتیجے میں دونوں بحری جہازوں کے درمیان ٹکر ہوئی۔ انہوں نے بھارتی کارروائی کو بین الاقوامی قانون اور 1991 کے دوطرفہ معاہدے کی سنگین خلاف ورزی قرار دیا۔
سجاد حیدر خان کے مطابق پاکستان نے گزشتہ روز بھارتی ناظم الامور کو طلب کرکے بھارتی بحری جہاز کی جانب سے پاک بحریہ کے جہاز کو ٹکر مارنے اور بھارتی بحریہ کی اشتعال انگیزی پر شدید احتجاج ریکارڈ کرایا۔
ترجمان دفتر خارجہ نے بھارت پر زور دیا کہ وہ جنوبی ایشیا کو مزید عدم استحکام سے دوچار کرنے والی غیر ذمہ دارانہ کارروائیوں سے باز رہے۔



