میٹا کا نیا سبسکرپشن پلان متعارف، فیس بک، انسٹاگرام، واٹس ایپ اور اے آئی سروسز ایک پیکیج میں

میٹا نے صارفین کے لیے نئی سبسکرپشن سروس ’’میٹا ون‘‘ متعارف کرا دی ہے، جس کے تحت فیس بک، انسٹاگرام، واٹس ایپ اور میٹا اے آئی کی مختلف سبسکرپشنز کو ایک ہی پیکیج میں شامل کیا گیا ہے۔
میٹا کے مطابق ’’میٹا ون‘‘ کے سبسکرائبرز کو کمپنی کی مختلف ایپس پر متعدد ایڈوانسڈ اے آئی فیچرز اور پروفیشنل ٹولز تک رسائی حاصل ہوگی۔
اس سروس کا مقصد انفرادی صارفین کے لیے دستیاب انسٹاگرام پلس، فیس بک پلس اور واٹس ایپ پلس کے 50 سے زائد فیچرز کو ایک ہی سبسکرپشن میں فراہم کرنا ہے۔ کمپنی کے مطابق ان تینوں سروسز کے موجودہ سبسکرائبرز کی مجموعی تعداد ڈیڑھ کروڑ سے زیادہ ہے۔
میٹا نے انفرادی صارفین کے لیے کور اور پریمیئم پلانز بھی متعارف کرائے ہیں، جن کے ذریعے اے آئی کی مدد سے تصاویر اور ویڈیوز تیار کرنے سمیت دیگر فیچرز استعمال کیے جاسکیں گے۔
کریئیٹرز کے لیے مشترکہ بنڈل کی ماہانہ فیس 1750 روپے سے شروع ہوگی، جبکہ کسی ایک سروس، مثلاً فیس بک پلس، کی ماہانہ فیس 299 روپے مقرر کی گئی ہے۔



