Businesslatest news

پی ٹی اے کا اونک کی نئی فروخت، سم اور مارکیٹنگ سرگرمیاں فوری بند کرنے کا حکم

پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے پاک ٹیلی کام موبائل لمیٹڈ (پی ٹی ایم ایل) کو ڈیجیٹل ٹیلی کام سروس اونک (ONIC) کی نئی فروخت، ایکٹیویشن، سم اور ای سم کے اجرا، سبسکرپشنز، مارکیٹنگ اور دیگر تجارتی سرگرمیاں فوری طور پر روکنے کا حکم دے دیا۔

پی ٹی اے کے مطابق اونک کا موجودہ آپریشنل ڈھانچہ موبائل ورچوئل نیٹ ورک آپریٹر (ایم وی این او) کی خصوصیات رکھتا ہے، اس لیے اسے متعلقہ ریگولیٹری فریم ورک کے تحت باقاعدہ بنانے کی ضرورت ہے۔

اتھارٹی نے موجودہ صارفین کے مفادات کے تحفظ کے لیے پی ٹی ایم ایل کو حکم موصول ہونے کی تاریخ سے 3 ماہ کی مہلت دی ہے۔ اس مدت کے دوران صرف موجودہ اونک صارفین کو پی ٹی ایم ایل پر منتقل کرنے کی اجازت ہوگی، جبکہ نئی سبسکرپشن یا فروخت کی اجازت نہیں ہوگی۔

پی ٹی اے کے مطابق اونک میں علیحدہ ڈیجیٹل پلیٹ فارمز، CRM اور بلنگ سسٹمز، کسٹمر کیئر سروسز اور مخصوص تجارتی انتظامات موجود ہیں، جبکہ ڈی ٹی ایم ایس صارفین کے حصول، مارکیٹنگ، کے وائی سی، سمز کی فروخت اور کسٹمر سروسز سمیت متعدد اہم امور انجام دیتا ہے۔ اتھارٹی نے ان انتظامات کو ایم وی این او پالیسی فریم ورک 2025 کے تحت آنے والی خصوصیات قرار دیا۔

پی ٹی اے نے پی ٹی ایم ایل کو دو آپشنز دیے ہیں: یا تو اونک کو اپنے موجودہ ایم این او لائسنس کے تحت محض پروڈکٹ یا برانڈ کے طور پر ازسرِنو تشکیل دیا جائے، یا موجودہ ایم وی این او ڈھانچہ برقرار رکھنے کی صورت میں متعلقہ لائسنس حاصل کیا جائے۔

اتھارٹی نے پی ٹی ایم ایل کو حکم موصول ہونے کے 7 کاروباری دنوں میں جامع تعمیلی رپورٹ جمع کرانے کی بھی ہدایت کی ہے۔ پی ٹی اے نے واضح کیا کہ 3 ماہ کی مدت کے علاوہ اونک کی سرگرمیاں جاری رکھنے کے لیے کوئی عبوری اجازت نہیں دی گئی۔

اونک کا معاملہ جون 2023 سے پی ٹی اے کے زیر غور تھا۔ اگست 2023 میں اتھارٹی نے پی ٹی ایم ایل کو مکمل معلومات اور ریگولیٹری جائزے تک اونک کا اجرا روکنے کی ہدایت کی تھی۔ پی ٹی ایم ایل نے اس فیصلے کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کیا، جس نے فروری 2026 میں معاملہ دوبارہ پی ٹی اے کو وجوہات پر مبنی فیصلے کے لیے بھیج دیا تھا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button