لاہور میں موجود ہوں، آج شام 5 بجے دوبارہ اسٹریٹ موومنٹ کیلئے نکلیں گے: سہیل آفریدی

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ وہ لاہور میں موجود ہیں اور آج شام 5 بجے دوبارہ اسٹریٹ موومنٹ کے لیے نکلیں گے۔
لاہور آمد کے بعد اپنے بیان میں سہیل آفریدی نے پنجاب حکومت اور پولیس کے رویے کو انتہائی افسوسناک قرار دیتے ہوئے الزام عائد کیا کہ ان کے راستے بند کیے گئے جبکہ پٹرول پمپس مالکان کو مبینہ طور پر ڈرا دھمکا کر پٹرول فراہم کرنے سے روکا گیا۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ قیام گاہ سے ٹینٹ اکھاڑ دیے گئے، کھانا لے جایا گیا اور بے گناہ کارکنوں کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔
انہوں نے میڈیا سے اپیل کی کہ حق اور سچ کی بات کی جائے، نوکری کے خوف کو بالائے طاق رکھتے ہوئے سچی صحافت کی جائے۔
سہیل آفریدی نے الزام عائد کیا کہ پنجاب پولیس کو سیاسی بنا دیا گیا ہے اور انہیں اپنی سیکیورٹی سے ہی خطرہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ کسی کال کے بغیر لاہور کے عوام کا سڑکوں پر نکلنا مخالفین کے لیے تشویش کا باعث ہے۔ پنجاب حکومت کو خبردار کرتے ہوئے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ اگر رویہ یہی رہا تو خیبرپختونخوا سے سخت ردِعمل آئے گا۔



