پی ٹی آئی کے 27 ستمبر احتجاج کا معاملہ، اسلام آباد ہائیکورٹ کا چیف سیکریٹری اور آئی جی کے پی سے حلف نامے طلب

اسلام آباد: اسلام آباد ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی کے 27 ستمبر کے احتجاج کے خلاف کیس کی سماعت کرتے ہوئے خیبر پختونخوا کے چیف سیکریٹری اور انسپکٹر جنرل پولیس سے حلف نامے طلب کرلیے۔
عدالت نے دونوں افسران کو ہدایت کی کہ وہ حلف ناموں کے ذریعے تصدیق کریں کہ کسی سیاسی اجتماع کیلئے سرکاری مشینری یا وسائل استعمال نہیں کیے جائیں گے۔
چیف جسٹس سرفراز ڈوگر، جسٹس اعظم خان اور جسٹس محمد آصف پر مشتمل لارجر بینچ نے دو صفحات پر مشتمل تحریری حکم جاری کیا۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر اسلام آباد کے ایڈووکیٹ جنرل اور پراسیکیوٹر جنرل سے بھی دلائل طلب کیے ہیں۔
تحریری حکم کے مطابق خیبر پختونخوا، پنجاب، سندھ اور بلوچستان کے ایڈووکیٹ جنرلز اپنے دلائل مکمل کرچکے ہیں۔ عدالت نے نوٹ کیا کہ خیبر پختونخوا کے سیکریٹری نے یقین دہانی کرائی تھی کہ کسی سیاسی اجتماع کیلئے سرکاری مشینری یا وسائل استعمال نہیں کیے جائیں گے۔
عدالت نے اسی تناظر میں خیبر پختونخوا کے چیف سیکریٹری اور آئی جی پولیس کو آئندہ سماعت پر اس حوالے سے حلف نامے جمع کرانے کی ہدایت کی۔
کیس کی مزید سماعت پیر کو صبح 10 بجے ہوگی۔ عدالت نے واضح کیا کہ صوبوں کے چیف سیکریٹریز اور آئی جیز کو ذاتی حیثیت میں عدالت میں پیش ہونے کی ضرورت نہیں۔



