latest newsSports

ایشین گیمز کیلئے سافٹ ٹینس کی 14 رکنی ٹیم، پاکستان ٹینس فیڈریشن بھی لاعلم

اسلام آباد: پاکستان اولمپکس ایسوسی ایشن نے ایشین گیمز کیلئے سافٹ ٹینس کی 14 رکنی قومی ٹیم کا اعلان کردیا، تاہم پاکستان میں سافٹ ٹینس کے وجود اور اس کھیل کی سرگرمیوں سے متعلق سوالات اٹھ گئے ہیں۔

جاپان کے ایچی ناگو میں 19 ستمبر سے 4 اکتوبر تک ہونے والے ایشین گیمز کیلئے قومی دستہ 14 ستمبر کو اسلام آباد سے جاپان روانہ ہوگا۔ ذرائع کے مطابق ٹیم میں شامل بیشتر کھلاڑیوں کا سافٹ ٹینس سے تجربہ محدود ہے، جبکہ خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ بعض غیر معروف کھلاڑی ٹیم سے آخری وقت میں دستبردار بھی ہوسکتے ہیں۔

پاکستان میں سافٹ ٹینس کے باقاعدہ ایونٹس کے انعقاد اور اس کی قومی سطح پر سرگرمیوں کے حوالے سے بھی سوالات موجود ہیں۔ پاکستان ٹینس فیڈریشن کے سربراہ اعصام الحق نے سافٹ ٹینس کیلئے 14 رکنی دستہ بھیجے جانے پر حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں پاکستان میں سافٹ ٹینس کے وجود کا علم ہی نہیں۔

اعصام الحق کا کہنا تھا کہ وہ اس معاملے کی جانچ کریں گے کہ سافٹ ٹینس کو کون چلا رہا ہے اور ایشین گیمز کیلئے ٹیم کس کی منظوری سے بھیجی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’اتنے تو ایونٹ بھی نہیں ہیں جتنے لوگ بھیجے جا رہے ہیں۔‘‘

پاکستان ٹینس فیڈریشن کے سربراہ نے پاکستان اسپورٹس بورڈ کے طریقہ کار پر بھی تنقید کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ کھیلوں کے معاملات درست انداز میں نہیں چلائے جارہے اور جس کے پاس وسائل ہوں وہ کسی بھی ایونٹ میں شرکت کرسکتا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ایشین گیمز میں ٹینس کیلئے دو کھلاڑی، ایک کپتان اور ایک کوچ سمیت مجموعی طور پر چار افراد جارہے ہیں۔

سافٹ ٹینس ٹیم سے متعلق مؤقف جاننے کیلئے خالد رحمانی، نوشاد احمد اور پاکستان اولمپکس ایسوسی ایشن کے سیکریٹری خالد محمود سے رابطے کی کوشش کی گئی، تاہم ان سے رابطہ نہ ہوسکا۔

واضح رہے کہ گزشتہ ایشین گیمز 2023 میں چین کے شہر ہانگژو میں منعقد ہوئے تھے، جہاں پاکستان کی مجموعی کارکردگی انتہائی مایوس کن رہی تھی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button