جو روٹ نے سچن ٹنڈولکر کا ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ نصف سنچریوں کا ریکارڈ توڑ دیا

ایجبسٹن: انگلینڈ کے ٹیسٹ کپتان اور اسٹار بلے باز جو روٹ نے پاکستان کے خلاف ایجبسٹن ٹیسٹ میں شاندار کارنامہ انجام دیتے ہوئے بھارت کے لیجنڈ سچن ٹنڈولکر کا ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ نصف سنچریوں کا ریکارڈ توڑ دیا۔
پاکستان کے خلاف میچ میں جو روٹ نے 62 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، جو ٹیسٹ کرکٹ میں ان کی 69ویں نصف سنچری ہے۔ اس کے ساتھ ہی وہ ٹنڈولکر کو پیچھے چھوڑتے ہوئے ٹیسٹ میں سب سے زیادہ نصف سنچریاں بنانے والے بلے باز بن گئے۔
جو روٹ نے یہ اعزاز 309 اننگز میں حاصل کیا، جبکہ سچن ٹنڈولکر نے 329 اننگز میں 68 نصف سنچریاں بنائی تھیں۔ ویسٹ انڈیز کے شیونارائن چندرپال 66 نصف سنچریوں کے ساتھ تیسرے، ایلن بارڈر اور راہول ڈریوڈ 63،63 کے ساتھ مشترکہ طور پر چوتھے جبکہ رکی پونٹنگ 62 نصف سنچریوں کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہیں۔
ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ سنچریوں کا ریکارڈ بدستور سچن ٹنڈولکر کے پاس ہے، جنہوں نے 51 سنچریاں بنائیں۔ جیک کیلس 45 سنچریوں کے ساتھ دوسرے جبکہ جو روٹ اور رکی پونٹنگ 41،41 سنچریوں کے ساتھ مشترکہ طور پر تیسرے نمبر پر ہیں۔
جو روٹ ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے کے ٹنڈولکر کے ریکارڈ کے بھی قریب پہنچ رہے ہیں۔ ٹنڈولکر نے 15 ہزار 921 رنز بنائے، جبکہ جو روٹ کے رنز کی تعداد 14 ہزار 278 ہے۔ سابق آسٹریلوی کپتان رکی پونٹنگ 13 ہزار 378 رنز کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں۔ موجودہ کرکٹرز میں آسٹریلیا کے اسٹیو اسمتھ 10 ہزار 920 رنز کے ساتھ نمایاں ہیں۔



