امیتابھ بچن نے ’کون بنے گا کروڑ پتی 18‘ کی میزبانی کو دل توڑ دینے والا تجربہ قرار دے دیا

ممبئی: بالی وڈ کے لیجنڈری اداکار امیتابھ بچن نے مشہور گیم شو ’کون بنے گا کروڑ پتی‘ کے 18ویں سیزن کی میزبانی کے دوران پیش آنے والے جذباتی لمحات کو ’’دل توڑ دینے والا تجربہ‘‘ قرار دیا ہے۔
امیتابھ بچن نے اپنے حالیہ بلاگ میں شو کے امیدواروں کی ذاتی زندگی سے جڑی دردناک کہانیوں اور ان کے جذباتی اثرات پر کھل کر بات کی۔
اداکار کے مطابق بعض امیدوار ایسی تکلیف دہ ذاتی کہانیاں لے کر آتے ہیں کہ نہ صرف ان کے لیے اپنے جذبات پر قابو رکھنا مشکل ہوتا ہے بلکہ بطور میزبان پروگرام کا سلسلہ جاری رکھنا بھی دشوار ہوجاتا ہے۔
انہوں نے لکھا کہ ایسے واقعات ان کے لیے دل دہلا دینے والا تجربہ ثابت ہوئے ہیں۔
واضح رہے کہ امیتابھ بچن ’کون بنے گا کروڑ پتی‘ کے 18ویں سیزن کی میزبانی کے ساتھ ایک بار پھر ٹی وی اسکرین پر واپس آئے ہیں۔ پروگرام کا نیا سیزن گزشتہ ماہ 10 اگست سے شروع ہوا تھا۔



