راولپنڈی: پی ٹی آئی کارکنوں کے خلاف کریک ڈاؤن، 55 افراد زیرِ حراست

راولپنڈی میں تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے کارکنوں کے خلاف پولیس کا کریک ڈاؤن جاری ہے، ضلع بھر میں ٹارگٹڈ کارروائیوں کے دوران اب تک 55 کارکنوں کو حراست میں لیے جانے کی اطلاعات ہیں۔
پی ٹی آئی کی جانب سے 27 ستمبر کو لانگ مارچ کے اعلان کے بعد پولیس نے پارٹی کے متحرک کارکنوں کے خلاف کارروائیوں میں تیزی کردی ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق کریک ڈاؤن میں آج مزید تیزی لائے جانے کا امکان ہے، جبکہ متحرک کارکنوں کی گرفتاری کے لیے مزید فہرستیں بھی تیار کرلی گئی ہیں۔
ذرائع کے مطابق سابق مشیر وزیراعلیٰ پنجاب اور پی ٹی آئی رہنما زبیر خان کے گھر پر بھی پولیس نے چھاپہ مارا۔ زبیر خان کی عدم موجودگی پر پولیس ان کے بیٹے شجاع اور گلی میں موجود ایک سیکیورٹی گارڈ کو اپنے ساتھ لے گئی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کارروائی کے دوران پولیس کی بھاری نفری گھر کے دروازے توڑ کر اندر داخل ہوئی اور سی سی ٹی وی کیمروں کو بھی نقصان پہنچایا۔
پولیس ذرائع کے مطابق 27 ستمبر کے لانگ مارچ کے تناظر میں کارروائیوں کا سلسلہ جاری رہے گا، جبکہ مزید کارکنوں کے خلاف بھی اقدامات کیے جانے کا امکان ہے۔



