خارگ کے قریب ایرانی ٹینکر پر امریکی میزائل حملے کا دعویٰ

تہران: ایرانی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکا نے ایرانی جزیرے خارگ کے قریب ایک چھوٹے آئل ٹینکر کو میزائل حملے کا نشانہ بنایا، تاہم واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
ایرانی میڈیا کے مطابق ٹینکر کے عملے کو بحفاظت نکال لیا گیا۔ حملے کے بعد ایرانی پاسداران انقلاب نے کویت اور بحرین کی بندرگاہوں کے قریب موجود آئل ٹینکرز کے عملے کو فوری طور پر علاقے سے نکل جانے کی وارننگ جاری کردی۔
پاسداران انقلاب نے خبردار کیا ہے کہ ایرانی آئل ٹینکرز پر امریکی حملوں کے جواب میں بحری جہازوں کو نشانہ بنایا جائے گا۔
دوسری جانب وال اسٹریٹ جرنل نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران نے پیر کے روز امریکی بحریہ کے جہازوں پر حملہ کیا، تاہم امریکی حکام نے اس دعوے کی تردید کی ہے۔
اس سے قبل ایرانی بحریہ نے آبنائے ہرمز کے داخلی راستے پر امریکا کی ایک زیرِ آب بغیر پائلٹ چلنے والی آبدوز پکڑنے کا دعویٰ بھی کیا تھا۔
ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق خودکار آبدوز آبنائے ہرمز کے داخلی راستے پر پکڑی گئی، تاہم ایک امریکی عہدیدار نے کہا کہ ایرانی سمندری حدود کی نگرانی کے دوران امریکی فوج کا ایک ڈرون تکنیکی خرابی کا شکار ہوا تھا۔
امریکی عہدیدار کے مطابق مذکورہ ڈرون پرانے ماڈل کا تھا اور اس پر کوئی خفیہ سونار یا ریڈار نصب نہیں تھا۔



