لیسکو میں اوور بلنگ ختم کرنے کے دعوے دھرے رہ گئے، عامر ٹاؤن سب ڈویژن میں سینکڑوں صارفین متاثر

لاہور (شیخ طاہر علی) لیسکو میں اوور بلنگ ختم کرنے کے دعوے دھرے رہ گئے، عامر ٹاؤن سب ڈویژن میں سینکڑوں صارفین کو ہزاروں یونٹس کی مبینہ اوور بلنگ کے مزید کیسز سامنے آگئے۔
ذرائع کے مطابق ماہ اگست کی بلنگ کے دوران متعدد صارفین کو ان کے اصل استعمال سے زائد ہزاروں یونٹس کے بل بھجوائے گئے، جس کے باعث بجلی کی مہنگائی سے پہلے ہی پریشان صارفین پر اضافی مالی بوجھ پڑ گیا۔ متاثرہ صارفین بلوں کی درستگی کے لیے لیسکو دفاتر کے چکر لگانے پر مجبور ہیں۔
متاثرین کے مطابق بلوں کی بروقت درستگی کرنے کے بجائے انہیں مبینہ طور پر طفل تسلیاں دی جارہی ہیں، جبکہ دفتر میں بلوں کی درستگی کروانے والے صارفین کا رش بھی معمول بن گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ عامر ٹاؤن سب ڈویژن میں مستقل میٹر انسپکٹر کی تعیناتی کے بجائے جونیئر میٹر ریڈر کو ذمہ داریاں دی گئی ہیں۔ ذرائع کے مطابق مذکورہ اہلکار کی غیر موجودگی میں میٹر ریڈر کے طور پر ڈیوٹی انجام دینے والا ارشاد نامی اہلکار میٹر انسپکٹر کے اختیارات بھی استعمال کر رہا ہے۔
ذرائع نے دعویٰ کیا کہ سب ڈویژن میں بجلی چوری، لائن لاسز اور میٹر ریڈنگ سے متعلق سو فیصد درست رپورٹنگ کے بجائے مبینہ طور پر کاغذی کارکردگی بہتر ظاہر کرنے کو ترجیح دی جارہی ہے، جس کے نتیجے میں مزید سینکڑوں صارفین اوور بلنگ سے متاثر ہوئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق ہزاروں یونٹس کی مبینہ اوور بلنگ میں ملوث اہلکاروں کے خلاف کارروائی کے بجائے متعلقہ افسران کی جانب سے خاموشی اختیار کی گئی ہے۔ صارفین نے مطالبہ کیا ہے کہ میٹر ریڈنگ کی بنیاد پر بلوں کی فوری درستگی اور اوور بلنگ کے ذمہ دار اہلکاروں کے خلاف کارروائی کی جائے۔



