latest newsPolitics

جنوبی پنجاب اور بہاولپور سے متعلق پنجاب اسمبلی کی قراردادیں بے کار ہوچکیں: رانا ثنا اللہ

اسلام آباد: وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ جنوبی پنجاب اور بہاولپور کے حوالے سے پنجاب اسمبلی کی قراردادیں اب بے کار ہوچکی ہیں۔

ایک ٹی وی انٹرویو میں رانا ثنا اللہ نے کہا کہ جنوبی پنجاب اور بہاولپور سے متعلق قراردادیں تقریباً 10 سال قبل منظور کی گئی تھیں، تاہم موجودہ صورتحال میں ان کی حیثیت ختم ہوچکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر کسی اسمبلی کی مدت کے دوران کسی قرارداد پر عملدرآمد نہ ہوسکے تو اگلی اسمبلی پر منحصر ہوتا ہے کہ وہ اس معاملے پر نئی قرارداد منظور کرتی ہے یا نہیں۔

اسلام آباد کو صوبہ بنانے سے متعلق سوال پر رانا ثنا اللہ نے کہا کہ الیکشن کمیشن حکومت کو آخری وارننگ دے چکا ہے کہ اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات منظور شدہ بلدیاتی ایکٹ کے تحت کرائے جائیں۔

صوبوں کی تشکیل سے متعلق بحث پر ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) اس معاملے پر یا تو خاموش ہے یا بحث کا حصہ نہیں بننا چاہتی، تاہم اس موضوع پر بحث پارلیمنٹ میں ہونی چاہیے کیونکہ یہی اس کی اصل جگہ ہے۔

رانا ثنا اللہ نے کہا کہ وزیراعظم نے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی زبان بندی نہیں کی، وہ جو چاہیں کہہ سکتے ہیں، تاہم عوامی ریفرنڈم کرانا ہو تو یہ پارلیمنٹ کی منظوری اور آئین کے مطابق ہی ممکن ہے، کسی وزیر کے بیان کی بنیاد پر نہیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button