سکردو ضمنی انتخاب: پیپلز پارٹی کے اختر عباس نشاد 305 ووٹوں سے کامیاب

گلگت: پیپلز پارٹی کے امیدوار اختر عباس نشاد نے گلگت بلتستان اسمبلی کے حلقہ GBA-09 سکردو-III کا ضمنی انتخاب 305 ووٹوں کے فرق سے جیت لیا۔
اتوار کو جاری ہونے والے فارم 47 کے مطابق اختر عباس نشاد نے 8 ہزار 399 ووٹ حاصل کیے، جبکہ آزاد امیدوار وزیر سلیم 8 ہزار 94 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔ حلقے میں مجموعی ووٹر ٹرن آؤٹ 51.79 فیصد رہا۔
یہ ضمنی انتخاب گلگت بلتستان سپریم اپیلیٹ کورٹ کی جانب سے پیپلز پارٹی کے امیدوار فدا محمد نشاد کو نااہل قرار دیے جانے کے بعد کرایا گیا تھا۔ فدا محمد نشاد اختر عباس نشاد کے والد ہیں اور جون کے عام انتخابات میں کامیاب قرار دیے گئے تھے۔
ضمنی انتخاب میں فدا محمد نشاد کے بیٹے اختر عباس نشاد نے حصہ لیا اور اپنے والد کی جانب سے خالی کی گئی نشست دوبارہ پیپلز پارٹی کے نام کرلی۔
انتخاب کے دوران سکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے گئے تھے اور 800 سے زائد پولیس اہلکاروں کے علاوہ گلگت بلتستان اسکاؤٹس بھی تعینات تھے۔ پولنگ کا عمل مجموعی طور پر پُرامن رہا، جبکہ ووٹرز کی سہولت کے لیے مقامی تعطیل بھی کی گئی۔
حلقے میں مجموعی طور پر 61 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے تھے، جن میں 25 کو انتہائی حساس، 11 کو حساس اور 25 کو نارمل قرار دیا گیا تھا۔
اس کامیابی کے بعد 33 رکنی گلگت بلتستان اسمبلی میں پیپلز پارٹی کی نشستیں 14 سے بڑھ کر 15 ہوگئی ہیں، جبکہ مسلم لیگ ن 9، استحکام پاکستان پارٹی 6، مجلس وحدت المسلمین اور پی ٹی آئی حمایت یافتہ آزاد امیدوار کی ایک، ایک نشست ہے۔



