ایم کیو ایم کے اختلافات پارٹی انتخابات سے ہی ختم ہوں گے، مصطفیٰ کمال

کراچی: وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم پاکستان کے اندر اختلافات موجود ہیں جو نچلی سطح تک پھیل چکے ہیں، اور انہیں پارٹی انتخابات کے بغیر ختم نہیں کیا جاسکتا۔
جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال نے کہا کہ ایم کیو ایم کو مضبوط بنانے کا واحد راستہ پارٹی انتخابات ہیں، جو اکتوبر میں ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ اختلافات ختم کرنے کی بھرپور کوشش کی گئی، تاہم ممکن ہے کچھ کمی رہ گئی ہو۔ انتخابات میں کارکنان جسے کامیاب یا ناکام قرار دیں، سب کو اس فیصلے کو قبول کرنا ہوگا۔
پیپلز پارٹی کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ اسے ایم کیو ایم کے اندرونی معاملات کی فکر کرنے کی ضرورت نہیں۔ سندھ حکومت کے معاملے پر ایم کیو ایم میں کوئی اختلاف نہیں اور پیپلز پارٹی کی حکمرانی سے متعلق پارٹی کا مؤقف واضح ہے۔
مصطفیٰ کمال نے کہا کہ اگر مقامی حکومتوں کو اختیارات دینے سے متعلق مجوزہ آئینی ترمیم تسلیم کرلی جاتی تو آج گلی محلوں میں اختیارات اور وسائل موجود ہوتے۔ ان کے مطابق 28ویں آئینی ترمیم میں کسی ایک جماعت کی فتح یا ناکامی نہیں بلکہ ملک کی فتح یا ناکامی ہوگی۔



